وفاقی وزیر اقتصادی امور سے سوئس کمپنی کے وفد سے ملاقات ، توانائی اور پٹرولیم کے شعبوں میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے ملاقات میں سوئٹزرلینڈ میں قائم عالمی توانائی تجارتی کمپنی گن وور گروپ کے اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد نے ملاقات کی ، وفد نے حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی مجوزہ پالیسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے پٹرولیم مارکیٹ میں صحت مند مسابقت، کارکردگی اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا جبکہ …

اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے ملاقات میں سوئٹزرلینڈ میں قائم عالمی توانائی تجارتی کمپنی گن وور گروپ کے اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد نے ملاقات کی ، وفد نے حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی مجوزہ پالیسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے پٹرولیم مارکیٹ میں صحت مند مسابقت، کارکردگی اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا جبکہ وفد نے پاکستان کی آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن میں تعاون اور ملک میں اپنے کاروباری نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے پیر کو سوئٹزرلینڈ میں قائم عالمی توانائی تجارتی کمپنی گن وور گروپ کے وفد نے ملاقات کی اور پاکستان کے توانائی اور پٹرولیم کے شعبوں میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔گن وور گروپ کے وفد میں گلوبل ہیڈ آف پورٹ فولیو شاہب ریچیل، کارپوریٹ افیئرز ڈائریکٹر سیٹھ تھامس پیٹراس اور ہیڈ آف کارپوریٹ افیئرز کاشف میو شامل تھے۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احد چیمہ نے ملک کی آئل ریفائنریوں کو اپ گریڈ اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے حکومت پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم کے شعبے کو مضبوط بنانے، اس کی کارکردگی اور مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ گن وور گروپ کے وفد نے ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے عمل میں حکومت کی معاونت اور اس سلسلے میں مزید تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔

وفاقی وزیر نے حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی مجوزہ پالیسی پر بھی گفتگو کی اور اسے پٹرولیم مارکیٹ میں اصلاحات کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ جلد مجوزہ ڈی ریگولیشن پالیسی کی منظوری دے سکتی ہے جس سے زیادہ مسابقتی اور مؤثر پٹرولیم مارکیٹ کی راہ ہموار ہوگی۔ گن وور گروپ کے حکام نے مجوزہ ڈی ریگولیشن اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کے درمیان صحت مند مسابقت کو فروغ ملے گا اور شعبے کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔احد چیمہ نے وفد کو پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) میں جاری اصلاحاتی عمل سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سرکاری آئل مارکیٹنگ کمپنی کو ادارہ جاتی اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔گن وور گروپ کے حکام نے حالیہ خلیجی بحران کے دوران ملک میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ مشکل بین الاقوامی صورتحال کے باوجود ملک میں ایندھن کی وافر دستیابی برقرار رہی، جو حکومت کی جانب سے سپلائی چین کے مؤثر انتظام کی عکاسی کرتی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بحران کے دوران ایندھن کی مسلسل فراہمی اور قیمتوں کو مستحکم رکھنا ایک مشکل چیلنج تھا، تاہم حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر بروقت اقدامات کیے، جن کے نتیجے میں ایندھن کی فراہمی کا تسلسل برقرار رکھا گیا اور صارفین کو کسی بھی ممکنہ خلل سے محفوظ رکھا گیا۔گن وور گروپ کے حکام نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ پارکو گن وور لمیٹڈ (پی جی ایل)پاکستان میں اپنے کاروبار اور نیٹ ورک کو وسعت دے رہی ہے۔

احد چیمہ نے توسیعی منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان جائز کاروباری اور سرمایہ کاری سرگرمیوں کو سہولت فراہم کرنے اور سرمایہ کاروں و بین الاقوامی کمپنیوں کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔وفاقی وزیر نے پٹرولیم کے شعبے کی نگرانی اور ضابطہ کاری میں اوگرا کے اہم کردار کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ حکومت توانائی کی مارکیٹ میں شفافیت، کارکردگی، مسابقت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے وسیع تر اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ملاقات میں دونوں جانب سے مسلسل رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا بالخصوص ریفائنریوں کی جدید کاری، پٹرولیم شعبے میں اصلاحات، مارکیٹ کی ترقی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان کی توانائی سلامتی اور معاشی ترقی کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

مزید خبریں