سلسلۂ عالیہ قادریہ راشدیہ، بھارہ کہو اسلام آباد کے زیرِ اہتمام 10واں سالانہ علمی، تربیتی و اصلاحی اجتماع گزشتہ روز منعقد ہوا۔ یہ اجتماع میں پیرِ طریقت حضرت پروفیسر ڈاکٹر عبد اللطیف صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے مسلسل 26 سالہ دروسِ قرآنِ عزیز کی تکمیل کی بابرکت تقریب کے سلسلے میں تھا۔
سلسلۂ عالیہ قادریہ راشدیہ اسلام آباد کے زیرِ اہتمام 10واں سالانہ علمی، تربیتی و اصلاحی اجتماع ، 26سالہ دروسِ قرآنِ عزیز کی تکمیل کی تقریب

مزید خبریں
اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):سلسلۂ عالیہ قادریہ راشدیہ، بھارہ کہو اسلام آباد کے زیرِ اہتمام 10واں سالانہ علمی، تربیتی و اصلاحی اجتماع گزشتہ روز منعقد ہوا۔ یہ اجتماع میں پیرِ طریقت حضرت پروفیسر ڈاکٹر عبد اللطیف صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے مسلسل 26 سالہ دروسِ قرآنِ عزیز کی تکمیل کی بابرکت تقریب کے سلسلے میں تھا۔
اجتماع میں ملک بھر سے علمائے کرام، مشائخِ عظام، خلفائے سلسلہ، مجازین، سالکینِ قادریہ راشدیہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔اجتماع کے مہمان خصوصی شیخ التفسیر امام الاولیاء حضرت مولانا احمد علی لاھوری ؒکے مسترشد اور حضرت جی کے خلیفہ مجاز حضرت مولانا ڈاکٹر مقصود عالم بخاری صاحب اور گورنمنٹ زمیندار ڈگری کالج گجرات کے شعبہ عربی کے سابق استاذ حضرت مولانا پروفیسر غلام حیدر تھے۔
حضرت پروفیسر ڈاکٹر عبد اللطیف نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے قرآنِ مجید کی تعلیمات، تزکیۂ نفس، اصلاحِ باطن اور ذکرِ الٰہی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ حکیم انسان کی انفرادی و اجتماعی زندگی کے لیے مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے اور اس پر عمل ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے۔معروف عالمِ دین مولانا مقصود بخاری صاحب نے بھی اجتماع سے خطاب کیا اور قرآن و سنت کی تعلیمات، ذکرِ الٰہی اور صحبتِ صالحین کی اہمیت بیان کی۔اجتماع کے دوران بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ کلام پیش کیا گیا۔معروف نعت گو شاعر لیاقت حسین فاروقی صاحب نے اپنا نعتیہ کلام سنا کر سامعین کے قلوب کو عشقِ رسالت مآب صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم سے خوب سرشار کیا۔
ذکرِ الٰہی کی روح پرور مجلس منعقد ہوئی جبکہ فضائلِ قرآن و ذکر الہی کے موضوع پر خصوصی بیان ہوا ۔تقریب کا نمایاں پہلو حضرت پروفیسر ڈاکٹر عبد اللطیف صاحب دامت برکاتہم عالیہ کے 26 برسوں پر محیط مسلسل دروسِ قرآنِ مجید کی تکمیل تھا۔ ان دروس میں قرآنِ کریم کا ترجمہ اور تفسیر شامل رہی۔ مقررین نے اس طویل علمی و دینی خدمت کو اشاعتِ قرآن اور تفہیمِ دین کے میدان میں اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے حضرت پروفیسر ڈاکٹر عبد اللطیف صاحب کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اجتماع کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، ترقی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔








