نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کی قوم کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ”مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے“ پر دستخط ہونے پر مبارکباد

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے قوم کو جمعہ 7 اگست 2026ء کو بابرکت شہر مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ”مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے“ (مکہ معاہدہ) پر دستخط ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاریخی معاہدہ ہمارے برادرانہ تعلقات، مشترکہ اقدار اور امن، سلامتی و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی گہرائی کا عکاس ہے۔

اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے قوم کو جمعہ 7 اگست 2026ء کو بابرکت شہر مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ”مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے“ (مکہ معاہدہ) پر دستخط ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاریخی معاہدہ ہمارے برادرانہ تعلقات، مشترکہ اقدار اور امن، سلامتی و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی گہرائی کا عکاس ہے۔

پیر کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مکہ معاہدے پر دستخط پاکستان کے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ دیرینہ تزویراتی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہیں۔ یہ معاہدہ ہمارے خطے کو درپیش امن و سلامتی کے بدلتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون کو مضبوط بنانے کے ہمارے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اس امر کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ مکہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا حامل ہے۔ یہ کسی بھی ملک کے خلاف نہیں ہے۔

اس کا مقصد بیرونی جارحیت کے خلاف اجتماعی بازدار قوت کو مضبوط بنانا اور اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے دفاع کی صلاحیت کو مزید مستحکم کرنا ہے۔مکہ معاہدے کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملے کو تمام تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا جو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت انفرادی اور اجتماعی دفاع کے فطری حق سے ہم آہنگ ہے۔

محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن حل، خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کے احترام اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے بدستور پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ تصادم کا ذریعہ نہیں بلکہ طاقت، یکجہتی اور باہمی احترام کے ذریعے امن کے لیے ہمارے اجتماعی عزم کا اظہار ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کے دفترِ خارجہ نے اس تاریخی مکہ معاہدے کو عملی جامہ پہنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ اور سعودی عرب و ترکیہ کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قیادت اور وژن قابل تحسین ہیں۔

مزید خبریں