قونصلیٹ جنرل پاکستان دبئی نے پاکستان کے80ویں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا جس میں قومی جوش و جذبے اور ملی وقار کے ساتھ آزادی کا جشن منایا گیا۔ تقریب میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد، قونصیٹ جنرل کے افسران و اہلکاران اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
قونصلیٹ جنرل پاکستان دبئی میں یومِ آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب

مزید خبریں
دبئی ۔14اگست (اے پی پی):قونصلیٹ جنرل پاکستان دبئی نے پاکستان کے80ویں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا جس میں قومی جوش و جذبے اور ملی وقار کے ساتھ آزادی کا جشن منایا گیا۔ تقریب میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد، قونصیٹ جنرل کے افسران و اہلکاران اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ یہاں جاری بیان کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام قونصل جنرل پاکستان دبئی فواد علی خان نے پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست قومی تاریخ میں محض ایک دن نہیں بلکہ آزادی، قربانی، عزم اور قومی تشخص کی علامت ہے۔
قائم مقام قونصل جنرل نے پاکستان کے قیام کے لیے کی جانے والی تاریخی جدوجہد اور ان قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کے نتیجے میں قائدِاعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔انہوں نے کہا کہ قائدِاعظم نے قوم کو نہ صرف ایک آزاد وطن فراہم کیا بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں پر مبنی ایک واضح وژن اور سمت بھی عطا کی۔ فواد علی خان نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نہ صرف متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کی معیشت اور وطن میں اپنے خاندانوں کی فلاح و بہبود میں بھی اہم حصہ ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے قانونی اور بینکاری ذرائع کے ذریعے پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ بھیجنے پر کمیونٹی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اسے قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کے عزم کا عملی مظہر قرار دیا۔ قائم مقام قونصل جنرل نے Parallel Palette کے تعاون سے قونصلیٹ جنرل پاکستان، دبئی میں منعقدہ آرٹ نمائش کا بھی دورہ کیا۔ نمائش میں پاکستانی فنکاروں کے ایسے فن پارے پیش کیے گئے تھے جو قائدِاعظم کے نظریات اور پاکستان سے ان کی محبت سے متاثر ہو کر تخلیق کیے گئے تھے۔
انہوں نے سوبیکا فواد، افشین بیگ اور دیگر شریک پاکستانی فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں اور اس نمائش میں ان کی شرکت کو سراہا۔ یہ نمائش حکومتِ پاکستان کی جانب سے 2026 کو "سالِ قائدِاعظم” کے طور پر منانے کے سلسلے میں قائدِاعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔ اپنے خطاب کے اختتام پر فواد علی خان نے قوم کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک کی خدمت کے لیے خلوص اور لگن کے ساتھ وابستہ رہیں اور ان اقدار و اصولوں کو قائم رکھیں جو قیامِ پاکستان کی تحریک کا محرک تھے۔ تقریب کا اختتام پاکستان کی مسلسل ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔






