پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف توئر شریف زادہ نے پاکستان کے 80ویں یوم آزادی کے موقع پر حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تاجکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اپنے پیغام میں تاجک سفیر نے کہا کہ پاکستان کے قومی دن کے موقع پر پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد …
تاجک سفیر کی پاکستانی قوم کو یوم آزادی پر دلی مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف توئر شریف زادہ نے پاکستان کے 80ویں یوم آزادی کے موقع پر حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تاجکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اپنے پیغام میں تاجک سفیر نے کہا کہ پاکستان کے قومی دن کے موقع پر پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے ۔
انہوں نے پاکستان کے لیے مسلسل امن، خوشحالی اور ترقی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سفیر یوسف توئر شریف زادہ نے تاجکستان اور پاکستان کے درمیان گہرے تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام صدیوں سے قریبی اور دوستانہ تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجکستان کے خارجہ تعلقات میں پاکستان کو خصوصی مقام حاصل ہے اور دوشنبہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور تزویراتی شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج تاجکستان اور پاکستان کے تعلقات باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم کے جذبے کے تحت وسعت پا رہے ہیں جبکہ ان کی مزید ترقی کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔
تاجک سفیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دوطرفہ تعلقات اور تزویراتی شراکت داری مزید فروغ پاتی رہے گی اور دونوں اقوام کی خوشحالی اور مفادات میں کردار ادا کرے گی۔انہوں نے مختلف شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور موجودہ تعلقات کو مستقبل میں مزید قریبی تعاون کے لیے مضبوط بنیاد قرار دیا۔اپنے پیغام کے اختتام پر تاجک سفیر نے پاکستانی عوام کے لیے اچھی صحت، خوشی اور مسلسل کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا یوم آزادی مبارک ہو! تاجکستان اور پاکستان کی دوستی زندہ باد!”







