پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی) کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) میں پاکستان کا 80واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا گیا جہاں کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے مختلف او آئی سی ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی عملے اور کامسٹیک ٹیم کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔
کامسٹیک میں پاکستان کے یوم آزادی کی تقریب

مزید خبریں
اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی) کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) میں پاکستان کا 80واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا گیا جہاں کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے مختلف او آئی سی ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی عملے اور کامسٹیک ٹیم کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔
تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جبکہ پاکستان کے قیام کے لیے قربانیاں دینے والوں، ملک کی ترقی و خوشحالی اور او آئی سی ممالک سمیت دنیا بھر میں امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب میں غیر ملکی عملے، پروگرام منیجرز، افسران اور سینئر حکام نے شرکت کی۔پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے حکومت اور قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا او آئی سی کامسٹیک کا مستقل میزبان ہونا مسلم دنیا کے اعتماد کی علامت ہے۔ ایک پرامن، مستحکم اور سائنسی طور پر مضبوط پاکستان او آئی سی کے 57 رکن ممالک میں سائنس، ٹیکنالوجی، جدت اور سائنسی تعاون کے فروغ میں مزید مؤثر کردار ادا کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور اختراع میں سرمایہ کاری ملک کو مسلم دنیا کی علمی و سائنسی ترقی میں مزید نمایاں کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گی۔
ڈاکٹر اقبال چوہدری نے مختلف او آئی سی ممالک سے تعلق رکھنے والے کامسٹیک کے غیر ملکی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کامسٹیک ان کا دوسرا گھر ہے اور مختلف قومیتوں کے افراد ایک چھت تلے مسلم دنیا کی سائنسی ترقی کے مشترکہ مقصد کے لیے کام کر رہے ہیں۔گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے کہا کہ پاکستانی خواتین تعلیم، سائنس، تحقیق اور دیگر شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔کامسٹیک کے غیر ملکی عملے کی نمائندگی کرتے ہوئے سینئر ٹیکنیکل منیجر عمر جالو نے پاکستان کی میزبانی اور محبت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان میں کبھی خود کو تنہا یا غیر ملکی محسوس نہیں کیا، ہم خود کو کامسٹیک خاندان اور پاکستان کا حصہ سمجھتے ہیں۔
کامسٹیک کے مسیحی ملازمین کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈیرن دی سوزا نے کہا کہ ہم ایک قوم اور ایک پرچم تلے متحد ہیں اور مسیحی برادری ملک کی ترقی اور خوشحالی میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔کامسٹیک کے سینئر ڈائریکٹر ہیومن ریسورس اینڈ ایڈمنسٹریشن آفتاب حسین زیدی نے کہا کہ یومِ آزادی کا حقیقی پیغام اسی وقت عملی شکل اختیار کرے گا جب تمام پاکستانی دیانت داری، ذمہ داری اور اتحاد کے ساتھ ملکی ترقی کے لیے کام کریں گے۔تقریب میں نوجوان ملازمین نے بھی پاکستان کے مستقبل، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدت میں نئی نسل کے کردار پر اظہارِ خیال کیا۔ اختتام پر یومِ آزادی کا کیک کاٹا گیا اور پاکستان، او آئی سی ممالک اور پوری دنیا کے امن و خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔







