پیرس میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد

یرس میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا،اس موقع پر فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ قومی پرچم لہرایا۔

پیرس۔14اگست (اے پی پی):پیرس میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا،اس موقع پر فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ قومی پرچم لہرایا۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے ممتاز ارکان، جن میں بڑی تعداد میں بچے بھی شامل تھے کا خیرمقدم کیا۔فرانس میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ 14 اگست ایک انتہائی بابرکت اور اہم دن ہے جو پوری قوم کو جشنِ آزادی، قائداعظم اور تحریکِ آزادی کے دیگر رہنماؤں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اپنے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے اور اپنے شاندار ماضی و گزشتہ دہائیوں کی نمایاں کامیابیوں سے تحریک حاصل کرنے کے لیے متحد کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے 2026ء کو ’’قائداعظم محمد علی جناح کا سال‘‘ قرار دیا ہے تاکہ بانیٔ پاکستان کی 150ویں سالگرہ منائی جا سکے۔

سفیر نے کہا کہ قائداعظم کی عظیم فکری بصیرت کا تقاضا ہے کہ قوم ان کے اصولوں کو مضبوطی سے اپنائے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے قوم کو ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے تین سنہری اصول دئیے اور ان اصولوں پر کاربند رہنا آنے والی نسلوں کے لیے روشن مستقبل کی ضمانت بن سکتا ہے۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ آزادی کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو سات دہائیوں سے زائد عرصے سے آزادی اور حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے جائز حقوق کے لیے پاکستان کی سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔پاکستانی سفیرنے فرانس میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن کی جانب سے پاکستان اور فرانس کے تعلقات کے فروغ میں کردار کو بھی سراہا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی سفارتخانہ فرانس میں مقیم پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔بعد ازاں سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے سفارتخانے میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی اور خدمات پر مبنی تاریخی تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔نمائش میں محفوظ تاریخی ریکارڈز اور نایاب تصاویر کا شاندار مجموعہ پیش کیا گیا، جن میں قائداعظم کی بصیرت افروز قیادت اور پاکستان کے بانی کی دیرپا میراث کو اجاگر کیا گیا تھا۔تقریب میں شریک مہمانوں، بالخصوص بچوں نے نمائش میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے۔

مزید خبریں