پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں پاکستان کا 80 واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منایا گیا،ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے چانسری لان میں منعقدہ پروقار تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔تقریب میں پاکستان ہائی کمیشن کے اراکین اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔اس موقع پر صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منایا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں پاکستان کا 80 واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منایا گیا،ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے چانسری لان میں منعقدہ پروقار تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔تقریب میں پاکستان ہائی کمیشن کے اراکین اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔اس موقع پر صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کے پختہ عزم کی صرف فتح ہی نہیں تھا بلکہ علیحدہ وطن کے حصول کے لئے ان کے مقدر کی تکمیل بھی بنا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان نے زندگی کے تمام شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے جبکہ پاکستان کی جوہری صلاحیت جنوبی ایشیاء میں استحکام کا باعث ہے۔ پاکستانی ناظم الامور نے کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی خودمختاری اور عوام کے وقار کے تحفظ اور بقاء کے لئے ہمارے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے، آزادی خداوند کریم کا انمول تحفہ ہے اور نئی دہلی میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ احساس اور گہرا ہو جاتا ہے۔ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے مادر وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی دفاع میں پاک مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی، مذاکرات اور سفارت کاری کے اصولوں پر پختہ یقین رکھتا ہے، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی معاہدہ علاقائی استحکام اور عالمی امن کے فروغ کی جانب اہم سنگ میل ہے۔ ناظم الامور نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کی راہ تنازعہ جموں و کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل سے ہو کر گذرتی ہے، استصواب رائے کے حق کے حصول تک ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے کرم، قومی اتحاد اور محنت سے پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، سربلند، سرسبز ہلالی پرچم یونہی فضاؤں میں لہراتا رہے گا اور دنیا ہماری کامیابیوں کی گواہ بنتی رہے گی۔تقریب میں روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملی نغمے پیش کئے اور تقاریر کیں جن میں قیام پاکستان کے لئے کی جانے والی تاریخی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔اس پرمسرت موقع پر خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔ سعد احمد وڑائچ نے قائداعظم کی زندگی، وژن اور تاریخی جدوجہد پر مبنی تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا جو رواں سال بانی پاکستان کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی طور پر ترتیب دی گئی ہے۔







