دوست ممالک کے سفیروں اور سفارتی نمائندوں نے پاکستان کے 80ویں یوم آزادی کے موقع پر حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے مضبوط دوطرفہ تعلقات، امن اور علاقائی خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔سفارتی کور کے ڈین اور ترکمانستان کے سفیر عطادجان مولاموف نے سفارتی برادری کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار اور امن و مذاکرات کے …
غیر ملکی سفیروں کی پاکستان کے 80ویں یوم آزادی پر حکومت اور عوام کو مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):دوست ممالک کے سفیروں اور سفارتی نمائندوں نے پاکستان کے 80ویں یوم آزادی کے موقع پر حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے مضبوط دوطرفہ تعلقات، امن اور علاقائی خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔سفارتی کور کے ڈین اور ترکمانستان کے سفیر عطادجان مولاموف نے سفارتی برادری کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار اور امن و مذاکرات کے لیے کوششوں کو سراہا۔انہوں نے ترکمانستان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی کو بھی اجاگر کیا اور حکومت، وزارت خارجہ، ریاستی اداروں، میڈیا اور کاروباری برادری کی جانب سے سفارتی کور کے لیے تعاون کو سراہا۔
انڈونیشیا کے سفیر چندرا وارسینانتو سوکوتجو نے انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے قومی دنوں میں صرف تین دن کا فرق ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے مسلسل امن، خوشحالی اور ترقی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغام کا اختتام "پاکستان زندہ باد” کے الفاظ سے کیا۔ازبکستان کے سفیر علیشیر تختائیف نے دوطرفہ تعلقات میں مزید توسیع بالخصوص اقتصادی انضمام اور تعاون کے نئے شعبوں کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی مضبوطی، اتحاد، خوشحالی اور پُرامن مستقبل کے لیے دعا کی۔فلپائن کے سفیر ڈاکٹر ایمانوئل آر فرنانڈیز نے بھی پاکستان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اقتصادی خوشحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں اور دونوں ممالک کے درمیان سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا۔مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبد الحمید نے مصر اور پاکستان کے درمیان گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستان کے لیے مسلسل امن، سلامتی اور خوشحالی کی دعا کی۔ویتنام کے سفیر فام آن ٹوان نے بھی گرمجوشی سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں ویتنام اور پاکستان کے درمیان دوستی اور تعاون کے مسلسل مضبوط اور وسیع ہونے کو اجاگر کیا۔تاجکستان کے سفیر یوسف توئر شریف زادہ نے پاکستان کو تاجکستان کا ایک اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان صدیوں پرانے تاریخی اور ثقافتی روابط کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی تزویراتی شراکت داری مزید فروغ پاتی رہے گی۔کرغزستان کے ناظم الامور ایبک ٹیلی بالیف نے کرغزستان اور پاکستان کے درمیان قریبی دوستی کا اعادہ کرتے ہوئے مزید تعاون اور مضبوط دوطرفہ تعلقات کی امید ظاہر کی۔
انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام "پاکستان زندہ باد” کے الفاظ سے کیا۔روسی سفیر البرٹ پی خوروف نے پاکستانی عوام کی بہادری اور عزم کو سراہتے ہوئے روس اور پاکستان کے درمیان تعمیری تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون میں مزید توسیع کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغام کا اختتام "پاکستان زندہ باد! روس پاک دوستی پائندہ باد!” کے الفاظ سے کیا۔ان تمام پیغامات میں سفارتی برادری کی جانب سے پاکستان کے لیے خیرسگالی اور ملک میں مسلسل امن، استحکام، خوشحالی اور ترقی کے حوالے سے مشترکہ امیدوں کا اظہار کیا گیا۔







