پاکستان عالمی جغرافیائی سیاست میں ایک اہم ’’ہنج پاور‘‘ کے طور پر ابھر رہا ہے ،فنانشل ٹائمز

پاکستان عالمی جغرافیائی سیاست میں ایک اہم ’’ہنج پاور‘‘ کے طور پر ابھر رہا ہے اور علاقائی امن، رابطوں اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔فنانشل ٹائمز میں شائع ہونے والے ایک تجزیے کے مطابق پاکستان نےامریکا، چین، خلیجی ممالک اور ایران کے ساتھ بیک وقت فعال سفارتی روابط کو اپنی بڑی تزویراتی طاقت میں تبدیل کر لیا ہے۔

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):پاکستان عالمی جغرافیائی سیاست میں ایک اہم ’’ہنج پاور‘‘ کے طور پر ابھر رہا ہے اور علاقائی امن، رابطوں اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔فنانشل ٹائمز میں شائع ہونے والے ایک تجزیے کے مطابق پاکستان نےامریکا، چین، خلیجی ممالک اور ایران کے ساتھ بیک وقت فعال سفارتی روابط کو اپنی بڑی تزویراتی طاقت میں تبدیل کر لیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان نےواشنگٹن اور تہران کے درمیان براہِ راست مذاکرات کی میزبانی کرکے اپنی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت کا واضح اظہار کیاجبکہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط بھی علاقائی سلامتی اور استحکام میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتے ہیں۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق پاکستان بیک وقت امریکا اور چین کے ساتھ مفاداتی شراکت داری برقرار رکھنے کےساتھ ساتھ خلیجی ممالک اور ایران کے ساتھ بھی اہم سفارتی روابط قائم رکھے ہوئے ہے۔تجزیے میں پاکستان کو ایک اہم ’’مڈل پاور‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسلام آباد عالمی طاقتوں کے مختلف مراکز کے ساتھ تعمیری تعلقات قائم کر رہا ہے اور کسی ایک جغرافیائی سیاسی کیمپ تک محدود نہیں۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کی یہ سفارتی لچک مستقبل پر مبنی اقتصادی اقدامات سے بھی تقویت حاصل کر رہی ہے۔ امریکا کے ساتھ کرپٹو کرنسی اور اہم معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تجارتی امکانات پاکستان کی جدید اقتصادی سفارت کاری کا اہم حصہ ہیں۔

فنانشل ٹائمز نےنشاندہی کی کہ وسطی ایشیائی معیشتوں کو پاکستانی بندرگاہوں سے منسلک کرنے کےمنصوبوں میں نئی برآمدی منڈیوں تک رسائی اور علاقائی تجارت کے فروغ کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق سعودی عرب جیسے اہم علاقائی شراکت داروں کی حمایت پاکستان میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کے لیے اعتماد سازی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان علاقائی حدود سے آگے بڑھ کر عالمی سطح پر اپنا کردار وسیع کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس کی تزویراتی خارجہ پالیسی امریکا، چین، مشرق وسطیٰ اوروسطی ایشیا کے درمیان پاکستان کو ایک اہم سفارتی پل کے طور پر مضبوط کر رہی ہےجس کے باعث عالمی سیاسی منظرنامے میں اس کی تزویراتی اہمیت مزید بڑھ رہی ہے۔