کراچی کلب میں یومِ آزادی کی تقریب، گورنر سندھ نے پرچم کشائی کی

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کراچی کلب میں یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور قومی پرچم لہرایا۔جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی کراچی کلب سے وابستگی ہمارے لیے باعثِ فخر اور باعثِ عزت ہے۔

کراچی۔ 14 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کراچی کلب میں یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور قومی پرچم لہرایا۔جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی کراچی کلب سے وابستگی ہمارے لیے باعثِ فخر اور باعثِ عزت ہے۔

قائداعظم کی 1947 میں کراچی کلب آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا تھا، جو اس تاریخی ادارے کے لیے ایک قابلِ فخر اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور تحریکِ پاکستان کے رہنمائوں نے ایک آزاد وطن کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔ ہمارے بزرگوں نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں وہ اور ان کی آنے والی نسلیں سکون اور آزادی کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ آج پاکستان ہمارے بزرگوں اور قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ تحریکِ پاکستان کے رہنمائوں نے مختصر زندگی پائی، لیکن ہمیں ہزاروں سال جینے کے لیے ایک آزاد ملک عطا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم جغرافیائی ہجرت کا سفر طے کرچکے ہیں، اب ہمیں علم اور ٹیکنالوجی کی ہجرت کرنا ہے۔ پاکستان کو ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے لے جانے کے لیے نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستانی نوجوان کمپیوٹر اور جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرکے ملک کو ترقی کی نئی منزلوں تک لے جائیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ جس ملک کا تاجر خوشحال ہوتا ہے، اس کا معاشرہ بھی خوشحال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ زبیر موتی والا، عقیل کریم ڈھیڈی سمیت دیگر تاجر ملک کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں، پاکستان کی ترقی میں میمن کمیونٹی کا کردار بھی قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں ان لوگوں کی قربانیوں کو بھی یاد کرنے کا پیغام دیتا ہے جنہوں نے ہجرت کرکے آنے والے پاکستانیوں کے لیے اپنے گھر، کاروبار اور دل کھول دئیے۔ کراچی کے لوگوں نے ہجرت کرکے آنے والے پاکستانیوں کا کھلے دل سے استقبال کیا۔ ہمیں ان لوگوں کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے جنہوں نے قیامِ پاکستان کے بعد اپنے بھائیوں کے لیے محبت، اخوت اور ایثار کا مظاہرہ کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے کاروباری برادری اور نوجوانوں کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔