پاکستانی قوم نے اتحاد، یقین، تنظیم اور انتھک جدو جہد کے عزم کی تجدید کے ساتھ ملک کا 80واں یوم آزادی نہایت جوش و جذبے، قومی ولولے اور شایان شان انداز میں منایا۔ جمعہ کو جشن آزادی کے دن کا آغاز مساجد میں ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا ، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی …
اتحاد، ایمان اور تنظیم کے عزم کی تجدید کیساتھ پاکستان کا 80واں یوم آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):پاکستانی قوم نے اتحاد، یقین، تنظیم اور انتھک جدو جہد کے عزم کی تجدید کے ساتھ ملک کا 80واں یوم آزادی نہایت جوش و جذبے، قومی ولولے اور شایان شان انداز میں منایا۔ جمعہ کو جشن آزادی کے دن کا آغاز مساجد میں ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا ، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں یومِ آزادی اور پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔صدر مملکت، وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ، اعلیٰ عسکری قیادت اور وفاقی وزرا نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغامات جاری کئے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم قائداعظم محمد علی جناح، تحریک پاکستان کے رہنمائوں و کارکنوں اور ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایک آزاد وطن کے حصول کی جدوجہد میں اپنے گھر بار اور روزگار تک چھوڑ دیئے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صرف ایک تاریخی کامیابی نہیں بلکہ ایک ذمہ داری بھی ہے جسے ہر نسل کو آگے بڑھانا ہے، عوام کی جمہوری خواہش کے نتیجے میں وجود میں آنے والے پاکستان کو مزید مضبوط، محفوظ اور خوشحال بنانا ہوگا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں ملک اور بیرون ملک مقیم تمام اہل وطن کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ اور بصیرت افروز قیادت،ہمارے آبائو اجداد کی عظیم قربانیوں اور تحریک آزادی کے رہنمائوں کے غیرمتزلزل عزم اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آزاد مملکت کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا،پاکستان آزمائشوں کے باوجود تابناک مستقبل کی جانب گامزن ہے،ہمارے باصلاحیت نوجوان، ہنر مند افرادی قوت، بہترین پیشہ ور ماہرین، جفا کش کسان اور محنت کش مزدور ملک و قوم کے تابندہ مستقبل کے ضامن ہیں،حکومت نے گزشتہ اڑھائی سالوں میں مشکل مراحل عبور کر کے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کیا ہے،ہماری بہادر افواج نے ہر مشکل میں دشمن کے ہر وار کے جواب میں مادر وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر ثابت کیا ہے،پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین مکہ مکرمہ میں طے پانے والا دفاعی معاہدہ خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے تزویراتی کردار اور ابھرتی ہوئی قوت کا مظہر ہے،آئیے اپنے قومی عزم کی تجدید کریں کہ ہم یک جان ہو کر سرزمینِ پاکستان کی ترقی وخوشحالی ،امن و استحکام اور باہمی ہم آہنگی اور یگانگت کے لیے بھرپور انداز میں کام کریں گے اور متحد ہو کر ملکی سالمیت ،قومی مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لئے تعمیری کام کریں۔
پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت نے یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی موقع پر مسلح افواج بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح، تحریکِ پاکستان کے اکابرین اور اُن تمام نفوس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں جن کی قربانیوں نے آزادی کی آرزو کو ایک آزاد اور خودمختار پاکستان کی حقیقت میں بدلا۔ ان کا وژن، شجاعت اور عزم قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ہمیں پاکستان کے اصولوں اور نظریات کی پاسداری کی ترغیب دیتا رہتا ہے۔ آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلح افواج امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم رہیں گی۔ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں بھی یوم آزادی کی تقریبات منعقد کی گئیں، ان تقریبات میں پرچم کشائی کی گئی اور صدر مملکت و وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ دوست ممالک کے سفیروں اور سفارتی نمائندوں نے یوم آزادی کے موقع پر حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے مضبوط دوطرفہ تعلقات، امن اور علاقائی خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں یومِ آزادی کے حوالے سے خصوصی ریلیاں، سیمینارز، تقریری مقابلے، ملی نغموں کے پروگرام، ثقافتی تقریبات اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں طلبہ نے ٹیبلو، ملی نغموں، تقاریر اور مختلف پروگراموں کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ یوم آزادی کے موقع پر سرکاری و نجی عمارتوں، شاہراہوں، بازاروں اور گھروں کو قومی پرچموں، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ شہریوں نے سبز ہلالی پرچم لہرا کر وطن عزیز سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کیا جبکہ مختلف شہروں میں ریلیوں، سیمینارز، ملی نغموں اور دیگر تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا۔وفاقی دارالحکومت میں یوم آزادی کی مرکزی تقریبات میں اہم حکومتی شخصیات، سفارتکاروں، سرکاری افسران، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر قومی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں اور پاکستان کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے رہنماؤں اور تحریکِ پاکستان کے کارکنوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ملک بھر میں نوجوانوں اور بچوں نے بھی یوم آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کی۔ شہریوں نے اپنے گھروں، گاڑیوں اور کاروباری مراکز کو قومی پرچموں سے سجایا جبکہ مختلف مقامات پر پاکستان زندہ باد اور قومی یکجہتی کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔یوم آزادی کے موقع پر قوم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور خودمختاری کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کیا جائے گا اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اصولوں اتحاد، ایمان اور تنظیم کو اپنی قومی زندگی کا حصہ بنایا جائے گا۔







