گورنر ہائوس میں یوم آزادی کی تقریب، امریکن،چائنیز،ایرانی وبرطانوی قونصلیٹس کے نمائندوں کی شرکت

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہائوس میں پاکستان کے 80ویں یوم آزادی کے موقع پرایک پروقار تقریب میں پرچم کشائی کی۔ تقریب میں امریکن، چائنیز، ایرانی اور برطانیہ قونصلیٹس کے نمائندوں نے خصوصی شرکت کی اور گورنرپنجاب کے ہمراہ 80 واں یوم آزادی کا کیک کاٹا،سکول کے بچوں نے ملی نغمے پیش اور گورنر پنجاب نے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے۔اس موقع پر ملکی ترقی، خوشحالی …

لاہور۔14اگست (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہائوس میں پاکستان کے 80ویں یوم آزادی کے موقع پرایک پروقار تقریب میں پرچم کشائی کی۔ تقریب میں امریکن، چائنیز، ایرانی اور برطانیہ قونصلیٹس کے نمائندوں نے خصوصی شرکت کی اور گورنرپنجاب کے ہمراہ 80 واں یوم آزادی کا کیک کاٹا،سکول کے بچوں نے ملی نغمے پیش اور گورنر پنجاب نے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے۔اس موقع پر ملکی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔گورنر پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوری قوم کو آج بھرپور طریقے سے جشن آزادی منانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے آبائواجداد کی بے پناہ قربانیوں اور جدوجہد سے حاصل ہوا ہے، یوم آزادی کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مزموم مقاصد سے وطن عزیر کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، ہمیں ان کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کی ملکی سالمیت کے لئے قربانیاں قابل ستائش ہیں،یوم پاکستان کے موقع پر افواج پاکستان اور سکیورٹی فورسز کے ان شہدا کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوںجنہوں نے وطن عزیز کی خاطر اپنے جانوں کے نذرانے پیش کئے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم پاکستان کا یوم آزادی بڑھ چڑھ کر منائیں تاکہ نوجوان نسل کو پتہ چل سکے کہ پاکستان کتنی مشکلات سے حاصل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کو مبارک بادپیش کرتا ہوں کہ انہوں نے سیسہ پلائی دیوار کی طرح مل کر ملکی دفاع کو مضبوط بنایا، معرکہ حق کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کی عزت میں مزید اضافہ ہوا اور پاکستان مضبوط ملک بن کر ابھرا۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں اس بات کا عزم کرنا ہے کہ ہم مل کر پاکستان کو معاشی طور پر ایک عظیم ملک بنائیں گے۔