اینٹی کرپشن کورٹ گلگت بلتستان کے جج محمود الحسن نے گندم کی سمگلنگ اور بلیک مارکیٹنگ کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے تین مجرمان کو عمر قید اور فی کس ایک کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنا دی
گندم سمگلنگ اور بلیک مارکیٹنگ کیس، 3 مجرمان کو عمر قید اور ایک، ایک کروڑ روپے جرمانہ

مزید خبریں
گلگت۔ 24 اگست (اے پی پی):اینٹی کرپشن کورٹ گلگت بلتستان کے جج محمود الحسن نے گندم کی سمگلنگ اور بلیک مارکیٹنگ کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے تین مجرمان کو عمر قید اور فی کس ایک کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔عدالت نے باسط علی، احسان علی اور عابد حسین کو ایک لاکھ کلوگرام گندم سمگل کرکے بلیک مارکیٹنگ کرنے کے مقدمے میں قصوروار قرار دیتے ہوئے ہر ایک کو عمر قید اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔فیصلے کے مطابق جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں مجرمان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جائے گی۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہی تینوں مجرمان کو گرفتار کرکے جیل منتقل کرنے کا حکم بھی دیا۔عدالت نے عوامی ضروریات سے متعلق اشیائے ضروریہ کی سمگلنگ اور بلیک مارکیٹنگ کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیا۔ یہ فیصلہ گلگت بلتستان میں گندم کی اسمگلنگ اور بلیک مارکیٹنگ کے خلاف اہم عدالتی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔








