چین کویت کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے کام کرنے کو تیار ہے، چینی نائب صدر کی کویتی وزیر خارجہ سے ملاقات میں گفتگو

چین کے نائب صدر ہان ژینگ سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے بیجنگ میں ملاقات کی۔

بیجنگ۔24اگست (اے پی پی):چین کے نائب صدر ہان ژینگ سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے بیجنگ میں ملاقات کی۔

شنہوا کے مطابق اس موقع پر چینی نائب صدر نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے سربراہان کی سٹریٹجک رہنمائی میں چین اور کویت کے تعلقات مسلسل بہتر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تبادلوں اور تعاون میں مسلسل پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کویت کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعلقات کو مزید اعلیٰ سطح تک لے جانے کے لیے کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ چینی نائب صدر نے کہا کہ چین امن مذاکرات کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور مشرقِ وسطیٰ میں جلد امن و سکون بحال کرنے کے لیے بھی کردار ادا کرے گا۔ کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح نے چین کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کویت ایک چین کے اصول پر مضبوطی سے قائم ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی اور علاقائی امور میں چین کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کویت دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے مزید نئے امکانات پیدا کرنے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔