ایف پی سی سی آئی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ڈینٹل کیئر اینڈ ٹریڈ کا پہلا اجلاس، پاکستان کے ڈینٹل سیکٹر کو درپیش اہم چیلنجز اور دستیاب مواقع پر تفصیلی غور

ایف پی سی سی آئی فیڈرل آئی سی ٹی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ڈینٹل کیئر اینڈ ٹریڈ کا افتتاحی اجلاس ایف پی سی سی آئی صدر سیکرٹریٹ اسلام آباد میں کمیٹی کے کنوینر شفقت علی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق خان جدون اور چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس کریم عزیز ملک نے خصوصی شرکت کی۔

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):ایف پی سی سی آئی فیڈرل آئی سی ٹی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ڈینٹل کیئر اینڈ ٹریڈ کا افتتاحی اجلاس ایف پی سی سی آئی صدر سیکرٹریٹ اسلام آباد میں کمیٹی کے کنوینر شفقت علی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق خان جدون اور چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس کریم عزیز ملک نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں رشید ہمایوں، محمد شفیق خان سواتی، لیفٹیننٹ کرنل سید ارشاد حسین شاہ، پروفیسر ڈاکٹر جاہریہ اظہر، پی ڈی ٹی ایم اے کی قیادت، کمیٹی کے اراکین، ڈینٹسٹس، تاجروں اور ڈینٹل انڈسٹری سے وابستہ دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان کے ڈینٹل سیکٹر کو درپیش اہم چیلنجز اور دستیاب مواقع پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکا نے ڈینٹل کیئر میں بہتری، ڈینٹل مصنوعات کی تجارت اور درآمدات میں سہولت، مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ اور ڈینٹل مصنوعات کی برآمدات بڑھانے پر خصوصی توجہ دی۔شرکا نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کی ڈینٹل مینوفیکچرنگ انڈسٹری میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے، صنعتی ترقی، درآمدی متبادل اور برآمدات میں اضافے کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔ اجلاس میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) اور کسٹمز سے متعلق طبی آلات اور ڈینٹل مصنوعات کی درآمد کے دوران درپیش ریگولیٹری اور طریقہ کار کے مسائل بھی زیر بحث آئے۔

کمیٹی نے ڈینٹل انڈسٹری، ایف پی سی سی آئی اور متعلقہ سرکاری اداروں بالخصوص ڈریپ، کسٹمز اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے درمیان موثر رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے عملی حل تلاش کیے جا سکیں اور کاروباری سہولیات میں بہتری لائی جا سکے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کے کنوینر شفقت علی نے کہا کہ کمیٹی کا مقصد صرف صنعت کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرنا نہیں بلکہ عملی سفارشات اور قابلِ عمل تجاویز مرتب کرکے انہیں ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے متعلقہ حکومتی فورمز تک پہنچانا ہے

انہوں نے کہا کہ ڈینٹسٹس، تاجروں، مینوفیکچررز، برآمد کنندگان، سرکاری اداروں اور ایف پی سی سی آئی کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے پاکستان کے ڈینٹل سیکٹر کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے جس سے نہ صرف معیاری ڈینٹل کیئر کو فروغ ملے گا بلکہ تجارت، مقامی صنعت، برآمدات اور قومی معیشت میں بھی اس شعبے کا کردار مزید مستحکم ہوگا۔اجلاس کے شرکا نے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بہتر ڈینٹل کیئر، ڈینٹل تجارت و مینوفیکچرنگ کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور ڈینٹل انڈسٹری کے لیے کاروباری سہولیات میں بہتری کے لیے عملی اقدامات آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

مزید خبریں