نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کے جمہوریہ کرغزستان کے دورے کے دوران آج 17 دوطرفہ دستاویزات پر دستخط کئے گئے جن میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادِر ژاپاروف کا مشترکہ اعلامیہ بھی شامل ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ کرغزستان کے دوران آج 17 دوطرفہ دستاویزات پر دستخط کئے گئے ،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

مزید خبریں
اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کے جمہوریہ کرغزستان کے دورے کے دوران آج 17 دوطرفہ دستاویزات پر دستخط کئے گئے جن میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادِر ژاپاروف کا مشترکہ اعلامیہ بھی شامل ہے۔ بدھ کو سماجی رابطہ کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ ان دستاویزات میں ٹرانزٹ تجارت، حوالگی، باہمی قانونی معاونت، انسدادِ منشیات، تعلیم، علمی تحقیق و تبادلے، موسمیاتی تبدیلی، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت دیگر اہم شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ میں نے چار دستاویزات پر دستخط کئے جن میں پاکستان اور کرغزستان کی وزارتِ خارجہ کے درمیان تعاون کا پروگرام، حوالگی کا معاہدہ، باہمی قانونی معاونت کا معاہدہ اور علمی تحقیق و تبادلے سے متعلق مفاہمت کی یادداشت شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کا حجم 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔ اسحاق ڈار کے مطابق یہ معاہدے دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔








