سابق گورنر پنجاب اور پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کی بنیاد ایمان، اتحاد، بھائی چارے، امن اور قربانی کے جذبے پر رکھی گئی ہے۔ ملک کی سلامتی
پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے،مخدوم احمد محمود

مزید خبریں
لاہور۔2ستمبر (اے پی پی):سابق گورنر پنجاب اور پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کی بنیاد ایمان، اتحاد، بھائی چارے، امن اور قربانی کے جذبے پر رکھی گئی ہے۔ ملک کی سلامتی، استحکام اور بقا کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے مشترکہ جدوجہد اور متفقہ قومی لائحہ عمل اپنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مخدوم ہاوس میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے چیف کوآرڈینیٹر عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ ریاست پاکستان کسی بھی قسم کی دہشت گردی، فرقہ واریت، انتہاپسندی اور انتشار کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
ملک میں پائیدار امن و امان کے قیام، دہشت گرد عناصر کی حوصلہ شکنی اور معاشرے میں بھائی چارے کے فروغ کے لیے ہمیں اپنے سیاسی، سماجی اور ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک قوم بننا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل اس کی نوجوان نسل سے وابستہ ہے۔ آنے والی نسلوں کو جدید تعلیم، ہنر، تحقیق، ٹیکنالوجی اور دیگر ضروری صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ باصلاحیت اور تعلیم یافتہ نوجوان ہی دنیا کے بدلتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔مخدوم احمد محمود نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم اپنے ملک کی سالمیت، خودمختاری اور ترقی کے معاملے پر متحد ہے۔ پاکستان کی سلامتی اور عوام کی فلاح و بہبود پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ہمارے آباو اجداد نے بے شمار قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا، اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اسے مزید مضبوط، محفوظ، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔








