وزیراعظم نے ٹریڈ فیسلی ٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی،ملکی بندرگاہوں کی استعداد کار میں بہتری کے لئے ورکنگ گروپس بنانے کی ہدایت

وزیراعظم نے ٹریڈ فیسلی ٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی،ملکی بندرگاہوں کی استعداد کار میں بہتری کے لئے ورکنگ گروپس بنانے کی ہدایت

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹریڈ فیسلی ٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی،بورڈ تجارت کے مکمل سپلائی چین میں بہتری لانے اور سرحد پار تجارت سے متعلق تمام نان ٹیرف امور پر فیصلے کرے گا اور تجارت کے فروغ کے حوالےسے سے روڈ میپ ، ٹریڈ فیسلی ٹیشن انڈیکس اور مانیٹرنگ کے حوالےسے حکمت عملی ترتیب دے گا۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریفد کی زیر صدارت تجارت میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹریڈ فیسلی ٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف خود ٹریڈ فیسلی ٹیشن بورڈ کی صدارت کریں گے۔مجوزہ بورڈ تجارت کے مکمل سپلائی چین میں بہتری لانے اور سرحد پار تجارت سے متعلق تمام نان ٹیرف امور پر فیصلے کرے گا۔ بورڈ تجارت کے فروغ کے حوالےسے سے روڈ میپ ، ٹریڈ فیسلی ٹیشن انڈیکس اور مانیٹرنگ کے حوالےسے حکمت عملی ترتیب دے گا۔وزیراعظم نے ملک کی بندرگاہوں کی استعداد کار میں بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے اور مختلف ورکنگ گروپس بنانے کی ہدایت کی۔

ورکنگ گروپس بندرگاہوں کی استعداد بہتر بنانے، متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ ، ریگولیٹری فریم ورک کی تعمیل، پری ارائیول کلیئرنس اور بین الاقوامی تجارت میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی شمولیت سے متعلق ہوں گے۔وزیراعظم نے درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کے لیے بندرگاہوں پر مال کی ترسیل، کلیئرنس اور دیگر امور کو آسان بنانے اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جاری اصلاحات کے تحت پورٹ چارجز میں کمی کی گئی ہے جس کے بعد بندرگاہوں کے استعمال میں نمایاں بہتری آئی ہے،جہازوں کی آمد سے قبل گڈز ڈیکلیریشن جمع کرانے کی سہولت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری، مشیر وزیراعظم برائے صنعت ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔