دانش یونیورسٹی کی تعمیر کے منصوبے کی تفصیلات دو ہفتوں میں مرتب کرکے پیش کی جائیں ،وزیراعظم کی جائزہ اجلاس میں ہدایت

دانش یونیورسٹی کی تعمیر کے منصوبے کی تفصیلات دو ہفتوں میں مرتب کرکے پیش کی جائیں ،وزیراعظم کی جائزہ اجلاس میں ہدایت

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دانش یونیورسٹی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کے ذہین طلباء و طالبات کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم یقینی بنائی جائے گی،دانش یونیورسٹی کے قیام میں اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ اس کا نظام روایتی یونیورسٹیوں سے ہٹ کر اور بہترین رکھا جائے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی کی تعمیر کی معینہ مدت کے ساتھ منصوبے کی تفصیلات آئندہ دو ہفتوں میں مرتب کرکے پیش کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ دانش یونیورسٹی کے قیام کے پیچھے مرکزی محرکات میں سے اولین، غریب و متوسط طبقے کے طلبا و طالبات کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی ہے،یونیورسٹی کے آئوٹ ریچ پروگرام میں اس عنصر کو کلیدی اہمیت دی جائے کہ معاشی طور پر کمزور اور متوسط طبقے کے بچوں کی اس کی آگہی اور رسائی یقینی بنائی جائے۔ اجلاس کو دانش یونیورسٹی کے بورڈ کی جانب سے بین الاقوامی معیار کی فیکلٹی اور تعمیر کے پلان اور مراحل پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی میں بین الاقوامی یونیورسٹیوں سے ڈگری یافتہ عالمی شہرت کی حامل فیکلٹی کی تدریسی خدمات حاصل کی جائیں گی جس کے لئے فیکلٹی کے ساتھ ساتھ امریکا کے معروف کالج کی خدمات حاصل کرنے کیلئے اقدامات حتمی مراحل میں ہیں۔ اجلاس کو فیکلٹی کی تفصیلات اور کالج کے ساتھ تدریسی نظام کے حوالے سے حالیہ مذاکرات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ یونیورسٹی کی تعمیر بین الاقوامی سطح پر رائج سٹیٹ آف دی آرٹ کیمپس ڈیزائن کے مطابق کی جائے گی جس کے لئے بڈنگ جلد کی جائے گی۔ اجلاس کو یونیورسٹی کا مجوزہ ڈیزائن و پلان بھی دکھایا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں، دانش یونیورسٹی کے بورڈ کے ارکان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔