وفاقی وزیر صحت سے مالدیپ کے ہائی کمشنر کی ملاقات، صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال
وفاقی وزیر صحت سے مالدیپ کے ہائی کمشنر کی ملاقات، صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے مالدیپ کے ہائی کمشنر نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون، باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ سفارتی تعلقات قائم ہیں جنہیں مزید مضبوط بنانے کے لئے صحت کے شعبے میں تعاون کو بھی وسعت دی جانی چاہئے۔
ملاقات میں وزارتِ صحت اور مالدیپ ہائی کمیشن کے درمیان صحت کے شعبے میں جامع مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ مجوزہ مفاہمتی یادداشت کے تحت صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا جبکہ ریگولیٹری نظام، طبی خدمات، میڈیکل ٹورازم اور صحت کے دیگر اہم شعبے اس تعاون کا حصہ ہوں گے۔مالدیپ کے ہائی کمشنر نے بتایا کہ مالدیپ کے صدر کا اکتوبر 2026 میں پاکستان کا دورہ متوقع ہے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان ہیلتھ ٹورازم کے فروغ کے لئے پُرعزم ہے، پاکستان اور مالدیپ صحت اور سیاحت کو یکجا کرکے دونوں ممالک کے عوام کے لئے نئے مواقع پیدا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں باہمی تعاون نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ طبی خدمات، سرمایہ کاری، ریگولیٹری تعاون اور میڈیکل ٹورازم کے شعبوں میں نئے امکانات بھی پیدا ہوں گے۔ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تاریخی اور دیرینہ دوستانہ تعلقات کو صحت کے شعبے میں عملی تعاون کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔








