وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق کمیٹی کا اجلاس
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق کمیٹی کا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قیمتوں کے تعین کے موجودہ نظام کا جائزہ اور ایندھن کی قیمتوں کو مزید شفاف اور قابل پیش گوئی(Predictable)بنانے کے ساتھ ساتھ صارفین کو قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھائو سے تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق کمیٹی نے موجودہ قیمتوں کے تعین کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے متعدد سفارشات پر اتفاق کیا اور فیصلہ کیا کہ حتمی رپورٹ جلد غور اور منظوری کے لیے وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔
ڈیزل کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے کمیٹی نے ہنگامی صورتحال میں قواعد و ضوابط کے تحت ممکنہ مداخلت کے لیے رہنما اصولوں کی منظوری دی۔کمیٹی نے پیٹرول کی قیمتوں کے تعین کے فارمولے سے متعلق سفارشات کا بھی جائزہ لیا اور پیٹرول کی قیمتوں کو جون 2027ء تک ڈی ریگولیٹ کرنے کا ممکنہ ہدف مقرر کیا تاکہ مسابقتی اور مارکیٹ پر مبنی قیمتوں کے نظام کی جانب بتدریج منتقلی یقینی بنائی جا سکے اور صارفین کو قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھائو سے تحفظ حاصل ہو۔
اجلاس میں موجودہ آئی ایف ای ایم نظام کا بھی جائزہ لیا گیا اور آئی ایف ای ایم کے حساب کے لیے نظرثانی شدہ طریقہ کار پر اتفاق کیا گیا۔ اوگرا نے یقین دہانی کرائی کہ مالی سال 2026 کے لیے آئی ایف ای ایم کا آڈٹ کیلنڈر سال 2026 کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ اوگرا موجودہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے استحکام اور کارکردگی بالخصوص بہترین طریقہ کار اور جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے حوالے سے تحریری سفارشات پیش کرے۔
اجلاس میں قیمتوں کے استحکام کے فنڈ سے متعلق ذیلی کمیٹیوں کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔کمیٹی نے ذیلی گروپ کو اپنی تجاویز مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تاہم کمیٹی نے مشاہدہ کیا کہ مارکیٹ کی حتمی ڈی ریگولیشن کے پیش نظر استحکام فنڈ کے قیام کے بجائے مناسب مقدار میں ایندھن کے ذخائر برقرار رکھنا زیادہ موزوں ہوگا۔
ترجمان کے مطابق نعیم غوری کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی چیئرمین ایف بی آر سے ملاقات کرے گی تاکہ بدلتے ہوئے مارکیٹ حالات کے تناظر میں اس امر کا جائزہ لیا جا سکے کہ آیا ٹیکسوں کے موجودہ نظام پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں نیشنل کوآرڈینیٹر این سی ایم سی زاہد میر اور میر نعیم غوری، اوگرا، ایف بی آر، فنانس ڈویژن، کے پی ایم جی اور پٹرولیم ڈویژن کے حکام نے شرکت کی۔








