گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے فوٹو جرنلسٹس کے وفد کی ملاقات

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے سینئر فوٹو جرنلسٹ اور پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز (پی اے پی پی )کے سابق صدر اطہر خان کی قیادت میں فوٹو جرنلسٹس کے وفد نے گورنر ہائو س میں ملاقات کی

کراچی۔ 03 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے سینئر فوٹو جرنلسٹ اور پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز (پی اے پی پی )کے سابق صدر اطہر خان کی قیادت میں فوٹو جرنلسٹس کے وفد نے گورنر ہائو س میں ملاقات کی۔جمعرا ت کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ فوٹو جرنلسٹس پیغام رسانی اور معلومات کی ترسیل کا اہم اور مو ثر ذریعہ ہیں، کیونکہ ایک تصویر کئی الفاظ پر بھاری ہوتی ہے اور اپنا پیغام مو ثر انداز میں عوام تک پہنچاتی ہے۔وفد میں پی اے پی پی کے سابق صدور سید عباس مہدی، سید حامد حسین اور گورننگ باڈی کے رکن سید عمران علی شامل تھے۔گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ بروقت اور مو ثر تصویر کشی محض ایک ہنر نہیں بلکہ ایک فن ہے، جبکہ نئی نسل کو اس فن سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

جدید دور اور سوشل میڈیا کے فروغ نے فوٹو جرنلزم کی اہمیت اور ذمہ داریوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔انہوں نے فوٹو جرنلسٹس پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو ملک و قوم کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے اور معاشرے میں مثبت سوچ کے فروغ کے لیے بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ تنقید، تضحیک یا محض وقتی تفریح کے بجائے مثبت، باوقار اور ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیا جانا چاہیے۔ ۔وفد نے فوٹو جرنلسٹس کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہنے اور ان کی حوصلہ افزائی پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مثبت، ذمہ دارانہ اور مو ثر انداز میں جاری رکھیں گے۔