یومِ دفاعِ پاکستان، قومی پیغامِ امن کمیٹی کی قومی سلامتی کے لیے تجدیدِ عہد کی اپیل

6 ستمبر کو وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام، خودمختاری اور دفاع کے لیے عہد کی تجدید کی جائے، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

لاہور۔5ستمبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین و قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر تمام مکاتبِ فکر اور مذاہب کے قائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ 6 ستمبر کو وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام، خودمختاری اور دفاع کے لیے اپنے عہد کی تجدید کریں۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے پیغام میں کہا کہ تمام مذہبی اور کمیونٹی قائدین فتنۂ خوارج، فتنۂ ہندوستان، دہشت گردی اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر سازش کے خلاف افواجِ پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور تعاون کا اعلان کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں شہداء اور غازیانِ وطن کی قربانیوں اور خدمات کو مساجد، مدارس، گرجا گھروں اور دیگر عبادت گاہوں میں خراجِ عقیدت پیش کیا جائے۔قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر نے مذہبی قائدین اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے زور دیا کہ پاکستان کا دفاع، سلامتی اور استحکام قوم اور افواجِ پاکستان کے باہمی اتحاد، یکجہتی اور یکسوئی میں مضمر ہے ۔طاہر محمود اشرفی نے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے پوری قوم کے متحد رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔