صوبائ وزیر ایکسائز خیبرپختو نخوا کی ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات سے ملاقات، رستم تا امبیلہ مین شاہراہ کے ترقیاتی منصوبے بارے گفتگو

خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے بدھ کو ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اسلام زیب سے ان کے دفتر میں ملاقات کی

پشاور۔ 09 ستمبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے بدھ کو ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اسلام زیب سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران صوبائی وزیر نے رستم تا امبیلہ مین شاہراہ کے مواصلاتی ترقیاتی منصوبے کے لیے فنڈز کے اجراء اور منصوبے سے متعلق مالی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔صوبائی وزیر سید فخر جہان نے اس موقع پر کہا کہ رستم تا امبیلہ شاہراہ علاقے کے عوام کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف مقامی آبادی کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ علاقے میں تجارتی، معاشی اور سماجی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری سے گزارش کی کہ اس اہم عوامی مفاد کے منصوبے کو پراونشل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی ( پی ڈی ڈبلیو پی ) سے منظوری کے لیے جلد از جلد ضروری کارروائی مکمل کی جائے تاکہ منصوبے کے لیے فنڈز کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے عملی کام کو آگے بڑھایا جا سکے۔ منصوبے کی تکمیل سے بونیر، مردان اور گردونواح کے عوام براہِ راست مستفید ہوں گے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نے صوبائی وزیر کو یقین دہانی کرائی کہ رستم تا امبیلہ مین شاہراہ کے منصوبے کو فنڈز کی فراہمی اور منظوری کے لیے آئندہ ہفتے ہونے والے پی ڈی ڈبلیو پی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر سید فخر جہان نے یقین دہانی پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بہتر مواصلاتی سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے اہم ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

 

مزید خبریں