سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایف آئی ایف سی) پاکستان میں خواتین کی کاروباری شمولیت اور انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے لیے کاروباری سہولت کاری، معلومات تک آسان رسائی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے معاون ماحول کو مزید مضبوط بنا رہی ہے
ایس آئی ایف سی کی خواتین کی کاروباری معاونت کے لیے اہم پیش رفت

مزید خبریں
اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایف آئی ایف سی) پاکستان میں خواتین کی کاروباری شمولیت اور انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے لیے کاروباری سہولت کاری، معلومات تک آسان رسائی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے معاون ماحول کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔ایس آ ئی ایف سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے بی ریڈی اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت ایس آ ئی ایف سی کی قیادت میں ریفارمز ٹیم نے سمیڈا اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے تعاون سے خواتین کی ملکیت والے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے سرکاری معاونتی پروگراموں کی معلومات آن لائن قابل رسائی بنانے کے حوالے سے اہم پیش رفت کی ہے۔اس اقدام کے تحت ’’SheCreates-Women Entrepreneurship Portal‘‘ متعارف کرایا گیا ہے جو خواتین کاروباری افراد کو وفاقی اور صوبائی سطح پر دستیاب پروگرامز، اقدامات، معاونتی سہولیات اور مینٹورشپ کے مواقع تک ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے رسائی فراہم کرتا ہے۔ یہ اصلاحاتی اقدام کاروباری شعبے کو درپیش اہم رکاوٹوں، بالخصوص پیچیدہ اور وقت طلب طریقہ کار اور دستیاب معاونتی پروگراموں سے متعلق محدود معلومات، کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے متعلقہ معلومات کو ایک جگہ مجتمع کرنے سے خواتین کاروباری افراد کے لیے کاروباری مواقع اور سرکاری سہولیات تک رسائی کو مزید آسان، شفاف اور موثر بنایا جا رہا ہے۔ایس آ ئی ایف سی کا مربوط اور کاروبار دوست سہولت کاری ماڈل متعلقہ سرکاری اداروں کو ایک مشترکہ فریم ورک میں لا کر کاروباری افراد کے لیے طریقہ کار آسان بنانے اور سازگار کاروباری ماحول کے فروغ پر مرکوز ہے۔خواتین کاروباری افراد کے لیے آسان معلومات، بہتر سہولیات اور ڈیجیٹل رسائی کا یہ اقدام ایس آئی ایف سی کی کاروباری ماحول کو مزید جامع بنانے کی کوششوں کا اہم حصہ ہے جو خواتین کی زیر قیادت کاروباری اداروں کے استحکام اور پاکستان میں وسیع تر معاشی شمولیت کی راہ ہموار کر رہا ہے۔







