آئندہ ایام میں ممکنہ سموگ پر کنٹرول کے لئے پیشگی تدارکی اقدامات شروع کردیئے گئے ، ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کے پیش نظر آئندہ ایام میں موسم سرما کے دوران ممکنہ سموگ پر قابو کے لئے پیشگی تدارکی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں

سیالکوٹ ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کے پیش نظر آئندہ ایام میں موسم سرما کے دوران ممکنہ سموگ پر قابو کے لئے پیشگی تدارکی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں پر واضح کیا جارہا ہے کہ دھان کی باقیات کو آگ لگانا غیر قانونی عمل ہے لہذا دھان کی کٹائی کے بعد اس کی باقیات کو آگ لگانے والے کاشتکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار دھان کی کٹائی کے بعد اس کی باقیات(مڈھوں اور پرالی)کو آگ ہرگز نہ لگائیں کیونکہ باقیات کو آگ لگانے سے فضائی آلودگی میں اضافہ کے علاوہ زمین میں موجود نامیاتی مادہ کو قابل تلافی نقصان پہنچتا ہے نیزدھان کے مڈھوں کو آگ لگانے سے دھواں سموگ کا باعث بنتا ہے جو ٹریفک حادثات اور انسانی صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے کٹائی کی صورت میں دھان کے مڈھوں کی تلفی کے لئے روٹا ویٹر اور میشن سے کٹائی کی صورت میں ڈسک ہیرو کی مدد سے انہیں زمین میں ملادیں یا گہرا ہل چلا کر آدھی بوری یوریا فی ایکڑ چھٹہ کرکے پانی لگادیں۔انہوں نے بتایا کہ دھان کے مڈھوں کو زمین میں ملانے سے زمین کی زرخیزی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔