پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے جاپان میں ہونے والے 20ویں ایشیائی کھیلوں کے لیے قومی دستے کا اعلان کردیا

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں 19 ستمبر سے 4 اکتوبرتک ہونے والے 20ویں ایشیائی کھیلوں کے لیے قومی دستے کا اعلان کردیا۔ پی او اے کی سینئر نائب صدر فاطمہ لکھیانی پاکستانی دستے کی شیف ڈی مشن ہوں گی۔پاکستانی دستہ ایشیائی کھیلوں میں 23 مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کرے گا

لاہور۔9ستمبر (اے پی پی):پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں 19 ستمبر سے 4 اکتوبرتک ہونے والے 20ویں ایشیائی کھیلوں کے لیے قومی دستے کا اعلان کردیا۔ پی او اے کی سینئر نائب صدر فاطمہ لکھیانی پاکستانی دستے کی شیف ڈی مشن ہوں گی۔پاکستانی دستہ ایشیائی کھیلوں میں 23 مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کرے گا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق کھیلوں کے اس بڑے ایونٹ میں قومی کھلاڑیوں کی شرکت حکومت پاکستان، قومی کھیلوں کی فیڈریشنز اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کی عکاس ہے۔ایتھلیٹکس میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ شجر عباس، انصار عباس، خولہ عمر خان، محمد یاسر، نورین حسین اور فائقہ ریاض بھی دستے میں شامل ہیں۔ سلمان اقبال بٹ اور سجاد احمد خان کوچز کے فرائض انجام دیں گے۔مردوں کی کرکٹ ٹیم میں صائم ایوب، ابرار احمد، سفیان مقیم، زمان خان اور صاحبزادہ فرحان سمیت 15 کھلاڑی شامل ہیں، جبکہ مائیکل ہیسن اور منصور امجد کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ خواتین کی کرکٹ ٹیم فاطمہ ثنا خان کی قیادت میں میدان میں اترے گی، جس میں عالیہ ریاض، منیبہ علی، نشرا سندھو اور طوبی حسن سمیت 15 کھلاڑی شامل ہیں۔ عمران فرحت اور عبدالمجید کوچز جبکہ وہاب ریاض ٹیم لیڈر ہوں گے۔

ہاکی کے 20 رکنی دستے میں عماد شکیل بٹ، عبدالمنان، ابوبکر محمود اور حماد الدین انجم سمیت نمایاں کھلاڑی شامل ہیں۔ غیر ملکی کوچ ہرمن کروئس اور کرسٹوفر جان ٹیم کی کوچنگ کریں گے۔ٹینس کے مقابلوں میں اعصام الحق قریشی اور عقیل خان پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جبکہ اسکواش میں محمد حمزہ خان، ناصر اقبال اور نور زمان مردوں کے مقابلوں میں اور ماہ نور علی اور مہوش علی خواتین کے مقابلوں میں حصہ لیں گی۔ شوٹنگ میں کشمالہ طلعت، غلام مصطفی بشیر اور عثمان چاند پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔پاکستانی کھلاڑی بیڈمنٹن، باکسنگ، گھڑ سواری، ای اسپورٹس، فینسنگ، کبڈی، مکسڈ مارشل آرٹس، روئنگ، سیلنگ، سافٹ ٹینس، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹرائیتھلون، والی بال، ریسلنگ اور وو شو سمیت دیگر کھیلوں میں بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔پاکستانی دستہ کھیلوں کے شیڈول کے مطابق مختلف گروپس کی صورت میں جاپان روانہ ہوگا، جبکہ مقابلوں کے اختتام پر کھلاڑی اور آفیشلز طے شدہ فلائٹ شیڈول کے مطابق وطن واپس پہنچیں گے۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل محمد خالد محمود نے تیاریوں میں تعاون پر حکومت پاکستان، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور تمام کھیلوں کی فیڈریشنز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ قومی کھلاڑی کھیلوں کی بہترین روح، نظم و ضبط اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔