ریڈیو پاکستان راولپنڈی کے سٹیشن ڈائریکٹر حامد ظہور نے کہا ہے کہ ریڈیو آزاد کشمیر تراڑکھل کی بندش کے حوالے سے پھیلائی جانے والی اطلاعات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں، ریڈیو آزاد کشمیر تراڑکھل کی نشریات جدید ڈیجیٹل تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے موثر انداز میں سامعین تک پہنچائی جا رہی ہیں
ریڈیو آزاد کشمیر تراڑکھل کی بندش بارے پھیلائی جانے والی اطلاعات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں ، حامد ظہور

مزید خبریں
راولپنڈی۔9ستمبر (اے پی پی):ریڈیو پاکستان راولپنڈی کے سٹیشن ڈائریکٹر حامد ظہور نے کہا ہے کہ ریڈیو آزاد کشمیر تراڑکھل کی بندش کے حوالے سے پھیلائی جانے والی اطلاعات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں، ریڈیو آزاد کشمیر تراڑکھل کی نشریات جدید ڈیجیٹل تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے موثر انداز میں سامعین تک پہنچائی جا رہی ہیں۔بدھ کو بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نشریاتی ذرائع تیزی سے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی جانب منتقل ہو رہے ہیں اور ریڈیو پاکستان بھی اپنے سامعین کو جدید ترین ذرائع سے نشریات تک رسائی فراہم کر رہا ہے۔ اسی سلسلے میں ریڈیو آزاد کشمیر تراڑکھل کی نشریات روزانہ شام 3 سے رات 9 بجے تک ریڈیو پاکستان کی ویب سائٹ radio.gov.pk پرجاری ہیں۔انہوں نےکہا کہ سامعین اپنے موبائل فون، کمپیوٹر یا دیگر انٹرنیٹ سے منسلک آلات کے ذریعے ریڈیو پاکستان کی ویب سائٹ پر جا کر ریڈیو آزاد کشمیر تراڑکھل کی نشریات براہِ راست سن سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ریڈیو پاکستان کی موبائل ایپ کے ذریعے بھی سامعین کو نشریات سننے کی سہولت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے نشریات سے ریڈیو آزاد کشمیر تراڑکھل کے پروگراموں کو وسیع حلقہ سامعین تک پہنچانے میں مدد مل رہی ہے اور دنیا کے کسی بھی حصے میں موجود سامعین انٹرنیٹ کے ذریعے ان نشریات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔سٹیشن ڈائریکٹر نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اپنے سامعین کو بروقت، مستند اور معیاری معلومات، خبروں اور پروگراموں کی فراہمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کر رہا ہے۔ انہوں نے سامعین پر زور دیا کہ وہ ریڈیو آزاد کشمیر تراڑکھل کی نشریات سے متعلق معلومات کے لیے مستند ذرائع، ریڈیو پاکستان کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے رجوع کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات پر اعتماد نہ کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ ریڈیو آزاد کشمیر تراڑکھل کی نشریات کا تسلسل برقرار ہے اور سامعین روزانہ شام 3 سے رات 9 بجے تک ان پروگراموں سے آن لائن استفادہ کر سکتے ہیں۔








