پروجیکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کااجلاس ،بادینی بارڈر ٹرمینل منصوبہ، پی ایس سی کا پیش رفت اور نئے اخراجات کی منظوری کا جائزہ

بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں پاک افغان سرحد بدینی پر بارڈر ٹرمینل کی تعمیر اور اوباشتائی سے خان ڈگر مین بادینی روڈ تک بلیک ٹاپ سڑک کے منصوبے سے متعلق پروجیکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کااجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) زاہد سلیم کی زیر صدارت منعقد ہوا

کوئٹہ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں پاک افغان سرحد بدینی پر بارڈر ٹرمینل کی تعمیر اور اوباشتائی سے خان ڈگر مین بادینی روڈ تک بلیک ٹاپ سڑک کے منصوبے سے متعلق پروجیکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کااجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) زاہد سلیم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جامع جائزہ لیا گیا جبکہ منصوبے پر عملدرآمد کے دوران درپیش مختلف مسائل اور چیلنجز پر بھی غور کیا گیا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر نے کمیٹی کو منصوبے کی موجودہ صورتحال اور ان امور سے آگاہ کیا جن کے حل کے لیے متعلقہ سطح پر فیصلوں کی ضرورت ہے۔اجلاس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر کی جانب سے منصوبے کے لیے شیڈول آف نیو ایکسپنڈیچر (SNE) کی منظوری سے متعلق ایجنڈا بھی زیر غور آیا۔ کمیٹی نے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے انہیں منصوبے کے منظور شدہ دائرہ کار، مقاصد اور عملدرآمد کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا۔پی ایس سی نے ان SNE تجاویز پر غور کیا جو منصوبے کے منظور شدہ PC-I سے مطابقت رکھتی تھیں۔

کمیٹی نے واضح کیا کہ تمام اخراجات اور اسٹاف کی ضروریات منظور شدہ منصوبے کے دائرہ کار تک محدود رہیں گی اور انہیں متعلقہ قواعد، طریقہ کار اور مالی ضوابط کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔اجلاس میں بدینی بارڈر منصوبے کی اسٹریٹجک اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ شرکا کے مطابق منصوبہ سرحدی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے، علاقائی رابطوں میں بہتری، پاک افغان سرحد کے ذریعے تجارت اور آمدورفت کو سہولت فراہم کرنے اور بدینی بارڈر کے اطراف معاون انفراسٹرکچر کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔اجلاس کے دوران چیئرمین نے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ باہمی رابطہ کاری مثر بنائی جائے، منصوبے پر عملدرآمد سے متعلق مسائل کو فوری حل کیا جائے اور منصوبہ منظور شدہ PC-I، مقررہ تکنیکی معیار، مالی نظم و ضبط اور طے شدہ مدت کے مطابق مکمل کیا جائے۔اجلاس کے اختتام پر پروجیکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلوں پر ضروری فالو اپ کارروائی اور منصوبے کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی تاکہ منصوبے کی بروقت اور موثر تکمیل یقینی بنائی جاسکے۔

 

مزید خبریں