پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کا چینی سفارتکار شا زوکانگ کی جانب سے الوداعی تقریب کے انعقاد پر اظہار تشکر
پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کا چینی سفارتکار شا زوکانگ کی جانب سے الوداعی تقریب کے انعقاد پر اظہار تشکر

مزید خبریں
بیجنگ۔13ستمبر (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے معروف چینی سفارتکار اور اقوام متحدہ کے سابق انڈر سیکرٹری جنرل برائے اقتصادی و سماجی امور شا زوکانگ کی جانب سے منعقدہ خصوصی الوداعی تقریب کی میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ رواں ماہ کے آغاز میں منعقد ہونے والی الوداعی تقریب میں چین کے ممتاز ماہرین، سکالرز، دانشوروں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستانی سفیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں کہا ہے کہ چینی سفارتکار شا زوکانگ نے پانچ دہائیوں سے زائد عرصے سے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی کے تحت یہ تقریب منعقد کی۔تقریب میں سفارت کاری، دفاع، سائنس و ٹیکنالوجی، کاروبار، صحت، ہنرمندی کی ترقی، تعلیم اور تحقیق سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔ شرکا میں سے کئی افراد نے پاکستانی سفیر اور بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ ان کی تعیناتی کے دوران قریبی تعاون کیا اور پاکستان-چین تعلقات کو مزید وسعت دینے کی کوششوں میں کردار ادا کیا۔
بعض شرکا نے چینی کاروباری اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے میں معاونت کی جبکہ دیگر نے صحت، ہنرمندی کی ترقی، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان اشتراک کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کیا۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ مختلف جامعات اور تھنک ٹینکس نے بھی تحقیق اور پالیسی سے متعلق اپنی آرا فراہم کیں، جن سے پاکستانی سفارتخانے کی سرگرمیوں اور کوششوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملی۔
الوداعی تقریب کے حوالے سےپاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ شرکا کی جانب سے پاکستان اور چین کی مشترکہ کامیابیوں اور مستقبل میں تعاون کے امکانات پر خیالات سننا ان کے لیے خاص طور پر معنی خیز تھا۔ انہوں نے تقریب میں شریک تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور بالخصوص چینی سفارتکار شا زوکانگ کی دوستی، مسلسل تعاون اور پاکستان-چین کے ”آہنی“ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔
الوداعی تقریب نے پاکستان اور چین کے درمیان موجود عوامی سطح کے روابط اور ادارہ جاتی تعلقات کی گہرائی کو اجاگر کیا اور آنے والےسالوں میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات کو نمایاں کیا۔






