بارشوں کی پیشگوئی، سندھ حکومت کا پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 کو الرٹ رہنے کا حکم
بارشوں کی پیشگوئی، سندھ حکومت کا پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 کو الرٹ رہنے کا حکم

مزید خبریں
کراچی۔ 13 ستمبر (اے پی پی):مشیر وزیراعلیٰ سندھ برائے محکمہ بحالی گیانچند ایسرانی نے پی ڈی ایم اے اور سندھ ایمرجنسی ریسکیوسروسز 1122کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق گیانچند ایسرانی نے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام اداروں کو ضروری اقدامات مکمل رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں 13سے 16ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش، گرج چمک اور تیز ہوائوں کا سلسلہ متوقع ہے۔ تھرپارکر،عمرکوٹ،میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں گرد آلود ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔سانگھڑ،خیرپور،حیدرآباد، ٹنڈو الہیار، مٹیاری، شہید بینظیرآباد اور جامشورو میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔
کراچی ڈویژن میں بھی 14سے 16ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔مشیر وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور متعلقہ محکموں کو مشینری اور عملہ تیار رکھیں رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں، برساتی نالوں اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کریں، ڈی واٹرنگ مشینری ودیگر وسائل کوفعال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے اورریسکیو ادارے الرٹ رہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔






