خواتین کی تعلیم قومی ترقی کی بنیاد ہے ،تعلیم یافتہ عورت مضبوط معاشرہ تشکیل دیتی ہے، ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول

ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ تعلیم کے زیر اہتمام عالمی یوم خواندگی کے موقع پر’’خواندگی کا فروغ: خواتین کو بااختیار بنانا، قوموں کو مضبوط بنانا‘‘ کے موضوع پر تقریب منعقد ہوئی۔

ملتان۔ 14 ستمبر (اے پی پی):ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ تعلیم کے زیر اہتمام عالمی یوم خواندگی کے موقع پر’’خواندگی کا فروغ: خواتین کو بااختیار بنانا، قوموں کو مضبوط بنانا‘‘ کے موضوع پر تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول تھیں جبکہ فوکل پرسن چیئرپرسن شعبہ تعلیم ڈاکٹر ثمینہ اختر تھیں۔ تقریب میں اساتذہ، فیکلٹی ممبران اور طالبات نے شرکت کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کی حقیقی ترقی اس وقت ممکن ہے جب خواتین تعلیم یافتہ، بااعتماد اور فیصلہ سازی میں بااختیار ہوں۔ تعلیم عورت کو صرف علم نہیں دیتی بلکہ اسے اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے،بہتر فیصلے کرنےاورمعاشرے کی بہتری میں مؤثر کردار ادا کرنے کی قوت فراہم کرتی ہے،ایک تعلیم یافتہ عورت اپنے خاندان میں شعور کی بنیاد رکھنے کے ساتھ آنے والی نسلوں کی فکری و اخلاقی تربیت میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو معیاری تعلیم اور مساوی مواقع فراہم کرنا صرف تعلیمی ضرورت نہیں بلکہ قومی ترقی کی ناگزیر شرط ہے،طالبات کو تعلیم کے ساتھ قیادت، اعتماد اور ذمہ داری کا شعور بھی حاصل کرنا چاہیے تاکہ وہ ملکی سماجی و معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کرسکیں۔ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن سیکنڈری ایجوکیشن زاہدہ بتول نے کہا کہ خواندگی سماجی ترقی اور خواتین کی خودمختاری کی بنیادی قوت ہے۔ سائرہ راحیل نے کہا کہ تعلیم خواتین میں خود اعتمادی پیدا کرنے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا حوصلہ دیتی ہے۔ڈاکٹر ثمینہ اختر نے کہا کہ تعلیم ہر فرد کا بنیادی حق اور معاشرتی ترقی کی بنیاد ہے۔تقریب میں موضوع کی مناسبت سے دستاویزی فلم اورڈرامائی پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔ اختتام پر خواتین میں تعلیم اور خواندگی کے فروغ کےعزم کا اظہار کیا گیا۔