ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے فراڈ اور کرپشن میں ملوث سرکاری ملازم سمیت 2 ملزمان کو لاہور اور شیخوپورہ کے مختلف علاقوں سےگرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور کی کارروائی، فراڈ و کرپشن میں ملوث سرکاری ملازم سمیت 2 ملزمان گرفتار

مزید خبریں
لاہور۔16ستمبر (اے پی پی):ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے فراڈ اور کرپشن میں ملوث سرکاری ملازم سمیت 2 ملزمان کو لاہور اور شیخوپورہ کے مختلف علاقوں سےگرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق گرفتار ملزمان میں تصرف حسین اور غلام حسن شامل ہیں۔ ملزم تصرف حسین کو 50 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ ملزم تصرف حسین شہری کا بجلی کا میٹر تبدیل کرنے کے عوض رشوت وصول کر رہا تھا۔ گرفتار ملزم رائل پارک لیسکو سب ڈویژن میں بطور لائن مین ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا۔دوسرے ملزم غلام حسن کو لاہور ہائیکورٹ سے قبل از گرفتاری ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے خلاف بغیر ڈرگ سیل لائسنس ادویات کی فروخت و ذخیرہ اندوزی اور بغیر وارنٹی ادویات رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج تھا۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔








