تھانہ کالوخان صوابی پولیس اور منشیات فروش کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد منشیات فروش کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے پستول اور آئس برآمد کرلی گئی۔
صوابی، پولیس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ، منشیات فروش زخمی حالت میں گرفتار

مزید خبریں
پشاور۔ 18 ستمبر (اے پی پی):تھانہ کالوخان صوابی پولیس اور منشیات فروش کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد منشیات فروش کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے پستول اور آئس برآمد کرلی گئی۔
تر جمان صوابی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شکیل احمد ولد ثواب گل ساکن ڈاگئی کے نام سے ہوئی، جو عرصہ دراز سے منشیات، بالخصوص آئس فروشی کے دھندے میں ملوث رہا ہے۔ ملزم کے خلاف 10 مقدمات پہلے سے درج و رجسٹرڈ ہیں یہ کارروائی ڈی ایس پی سرکل رزڑ شکیل خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ کالوخان ہارون خان اور چوکی ڈاگئی انچارج فضل خالق خان نے معہ نفری پولیس عمل میں لائی۔
زخمی حالت میں گرفتار منشیات فروش کے خلاف علاقے کے عوام کی جانب سے چوری چکاری اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کی شکایات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔ڈی پی او صوابی وقاص رفیق نے کہا کہ منشیات بالخصوص آئس فروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ڈی پی او صوابی نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید مؤثر بنایا جائے اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔








