شہراولیاء میں 3 روزہ قومی پولیو مہم 21 ستمبر سے شروع ہوگی، 4 ہزار 399 ٹیمیں تشکیل

ضلع ملتان میں تین روزہ قومی پولیو مہم 21 ستمبر سے شروع ہوگی، جس کے دوران پانچ سال تک عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے 4 ہزار 399 ٹیمیں فرائض سرانجام دیں گی۔

ملتان۔ 19 ستمبر (اے پی پی):ضلع ملتان میں تین روزہ قومی پولیو مہم 21 ستمبر سے شروع ہوگی، جس کے دوران پانچ سال تک عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے 4 ہزار 399 ٹیمیں فرائض سرانجام دیں گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز محسن نثار نے شہباز شریف ہسپتال میں پولیو مہم کا افتتاح کیا اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلع ملتان میں 21 سے 24 ستمبر تک خصوصی پولیو مہم جاری رہے گی اور پانچ سال تک عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران 4 ہزار 21 موبائل، 230 فکسڈ اور 148 ٹرانزٹ ٹیمیں خدمات انجام دیں گی، جبکہ 833 ایریا انچارجز اور 135 یونین کونسل میڈیکل افسران پولیو مہم کی نگرانی کریں گے۔محسن نثار نے کہا کہ پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی، جبکہ جنرل بس اسٹینڈ، ویگن اسٹینڈ اور دیگر اہم مقامات پر بھی خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی تاکہ سفر کرنے والے بچوں کو بھی حفاظتی قطرے پلائے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمے پولیو ٹیموں کی مکمل نگرانی کریں گے جبکہ حساس علاقوں میں پولیو ٹیموں کے لیے مؤثر سکیورٹی انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں گے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پولیو مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔