کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت شہر میں ٹریفک سگنلز کی بحالی، نئے سگنلز کی تنصیب اور ٹریفک روانی بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا
ٹریفک سگنلز کی بحالی، نئے سگنلز کی تنصیب اور ٹریفک روانی بہتر بنانے کا فیصلہ

مزید خبریں
ملتان۔ 19 ستمبر (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت شہر میں ٹریفک سگنلز کی بحالی، نئے سگنلز کی تنصیب اور ٹریفک روانی بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر شہر کے مختلف مقامات پر ٹریفک مسائل کے حل کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سی پی او صادق ڈوگر، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم، ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ افسران نے شہر کے مختلف چوکوں پر ٹریفک سگنلز کی صورتحال، ٹریفک دباؤ اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے مجوزہ اقدامات پر بریفنگ دی۔اجلاس میں چوک نمبر 9، ناردرن بائی پاس اور عیدگاہ چوک کے ٹریفک سگنلز فعال ہونے کا جائزہ لیتے ہوئے نواں شہر چوک کے سگنلز کی بحالی کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ چوک نمبر 1 اور رضا آباد چوک پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے سلپ روڈز کی تعمیر اور اراضی کے حصول کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ایس پی چوک کی ری انجینئرنگ کے لیے روشن ٹریفک سگنلز، مرکزی ڈیوائیڈر اور اپروچ روڈز کی بہتری جبکہ قذافی چوک اور لاری اڈا چوک پر ٹریفک کے دباؤ میں کمی کے لیے متبادل ٹریفک انجینئرنگ حل تجویز کیے گئے۔اجلاس میں طارق روڈ، ایم پی ایس چوک اور دیگر اہم مقامات پر ٹریفک مسائل کے حل کے لیے مشترکہ سروے اور فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس، میونسپل کارپوریشن، پی ایچ اے، ہائی وے اور ایم ڈی اے کو باہمی مشاورت سے قابل عمل تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ کم سے کم اخراجات میں ٹریفک مسائل کا قابل عمل حل تلاش کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک سگنلز کی بحالی کے ساتھ سڑکوں کی بہتری اور تجاوزات کے خاتمے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم شاہراہوں پر تجاوزات کے خاتمے اور سڑکوں کی مرمت کے اقدامات بھی ٹریفک پلان کا حصہ ہوں گے تاکہ شہریوں کو ٹریفک کی بہتر روانی اور آمدورفت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔







