چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان سے ڈی جی خان ڈویژن کے اراکینِ اسمبلی کی ملاقات، پنجاب میں قیامِ امن کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ خواجہ سلمان رفیق
چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان سے ڈی جی خان ڈویژن کے اراکینِ اسمبلی کی ملاقات، پنجاب میں قیامِ امن کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ خواجہ سلمان رفیق

مزید خبریں
لاہور۔19ستمبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ کی جانب سے ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے بھر پور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق سے ڈی جی خان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکینِ اسمبلی نے ملاقات کی۔ ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی وزیر سردار اویس لغاری، صوبائی وزیر سردار شیر علی گورچانی اور رکنِ پنجاب اسمبلی شمشیر علی مزاری نے اجلاس میں شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب احمد جاوید قاضی بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر اراکینِ پنجاب اسمبلی سردار صلاح الدین خان، علی احمد لغاری، محمد احمد خان لغاری اور سردار شیر افگن گورچانی بھی موجود تھے۔ سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز محمد علی نیکوکارہ، کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد، ڈی آئی جی سپیشل برانچ سجاد منج، ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان محمد عثمان خالد، ایڈیشنل سیکرٹری پولیس کنور انوار علی و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ حکام نے ڈی جی خان ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے حکومتی اقدامات بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی قیادت میں صوبہ بھر کے امن و امان کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب نے ڈی جی خان اور راجن پور میں 27 سال بعد مکمل میرٹ پر بارڈر ملٹری پولیس میں نئی بھرتیاں کی ہیں۔ چیئرمین کابینہ کمیٹی نے مزید کہا کہ نئے سٹاف کی تربیت پولیس ٹریننگ کالج ملتان سے جدید تقاضوں کے مطابق کروائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب نے 500 ملین روپے کی لاگت سے ڈی جی خان ڈویژن کو لاجسٹکس اور جدید اسلحہ سے لیس کیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ ڈی جی خان اور راجن پور میں پولیس سٹیشننز کی ری ویمپنگ کا کریڈٹ بھی حکومتِ پنجاب کو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالہ سے سی ٹی ڈی کو 1000 ملین روپے کے فنڈز بھی جاری کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب کے ڈی جی خان ڈویژن میں امن و امان کے قیام کی خاطر موثر اقدامات کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں قیامِ امن کیلئے حکومت پنجاب کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی قیادت میں پنجاب الحمدللہ ترقی کر رہا ہے۔
اراکینِ پنجاب اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن کی ترقی کیلئے تاریخی پیکج دینے پر وزیر اعلی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ پنجاب میں قیامِ امن کی خاطر تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے مزید کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن اور کچے کے علاقے میں مشترکہ کاوشوں سے امن و امان کا قیام عمل میں آیا۔







