ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا اچانک دورہ

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا اچانک دورہ کیا اور ادارے میں صفائی ستھرائی، عملے کی حاضری، بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، رہائشی ماحول اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

گوجرانوالہ ۔ 19 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا اچانک دورہ کیا اور ادارے میں صفائی ستھرائی، عملے کی حاضری، بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، رہائشی ماحول اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورانِ معائنہ بعض ملازمین غیر حاضر پائے گئے جبکہ صفائی ستھرائی کے انتظامات اور بعض انتظامی امور غیر تسلی بخش قرار پائے۔ ڈپٹی کمشنر نے صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی کیلئے سیکرٹری ہوم پنجاب کو مراسلہ ارسال کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو جیسے حساس ادارے میں فرائض سے غفلت، انتظامی بے ضابطگی اور صفائی کے ناقص انتظامات کسی صورت قابل قبول نہیں۔ بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور انہیں محفوظ، صاف ستھرا اور سازگار ماحول فراہم کرنا اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات، دستیاب سہولیات کی بہتری، نظم و ضبط اور انتظامی امور میں نمایاں بہتری یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے عملے کی حاضری کی باقاعدہ نگرانی کرتے ہوئے سو فیصد حاضری یقینی بنانے اور فرائض میں غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ بچوں کی نگہداشت اور تحفظ سے متعلق اداروں میں معیارِ خدمات، انتظامی نگرانی اور جوابدہی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔