جاپان کے شہر ناگویا کے پالوما میزو ہو اسٹیڈیم میں 20ویں ایشین گیمز 2026ء کی رنگارنگ اور پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کے ساتھ ہی براعظم ایشیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ یہ گیمز 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاری رہیں گی، جن میں ایشیا کے 45 ممالک کے ایتھلیٹس میڈلز کے حصول کے لیے پنجہ آزمائی کریں گے۔افتتاحی تقریب …
ایشین گیمز 2026: ناگویا میں 20ویں ایشین گیمز کی شاندار افتتاحی تقریب، سکواش اسٹار نور زمان پاکستان کے پرچم بردار

مزید خبریں
خرم شہزاد
ناگویا۔19ستمبر (اے پی پی):جاپان کے شہر ناگویا کے پالوما میزو ہو اسٹیڈیم میں 20ویں ایشین گیمز 2026ء کی رنگارنگ اور پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کے ساتھ ہی براعظم ایشیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ یہ گیمز 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاری رہیں گی، جن میں ایشیا کے 45 ممالک کے ایتھلیٹس میڈلز کے حصول کے لیے پنجہ آزمائی کریں گے۔افتتاحی تقریب میں پاکستان سکواش کے ابھرتے ہوئے نوجوان اسٹار نور زمان کو قومی دستے کا پرچم بردار بننے کا اعزاز حاصل ہوا، جو پاکستان اور خاص طور پر ملکی سکواش کے لیے ایک انتہائی قابلِ فخر لمحہ ہے۔
انہوں نے سبز ہلالی پرچم تھام کر پاکستانی دستے کی قیادت کی۔ایشین گیمز میں سکواش کے مقابلے 23 ستمبر سے ناگویا کنجو فوتو ایرینا میں شروع ہوں گے۔ ایونٹ کے پہلے روز پاکستان مینز، ویمنز اور مکسڈ ڈبلز کے انفرادی مقابلوں میں مجموعی طور پر پانچ میچز کھیلے گا۔پہلے روز کے شیڈول کے مطابق مکسڈ ڈبلز کے راؤنڈ آف 32 میں محمد عاصم خان اور مہوش علی کی جوڑی نیپال کے ارہانت سنہا اور بپانا بھلون کے مدمقابل ہوگی، جبکہ مینز سنگلز میں محمد اشہب عرفان کا مقابلہ لبنان کے جیسن کرم سے ہوگا۔
اسی طرح ویمنز سنگلز میں ماہ نور علی سنگاپور کی وائی یہان آؤ ینگ کے خلاف کورٹ میں اتریں گی، پرچم بردار نور زمان مینز سنگلز کے راؤنڈ آف 32 میں فلپائن کے وان ایرو اینجلو ڈالیڈا سے ٹکرائیں گے، جبکہ ویمنز سنگلز میں ثناء بہادر کا مقابلہ ایران کی نجمہ بوشہری زادہ سے ہوگا۔شائقینِ کھیل اور قوم نے قومی ایتھلیٹس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کے کھلاڑی ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھا کر وطن کا نام روشن کریں گے۔






