سعودی عرب ، بحیرہ احمر کے ساحل پر یاٹ نیٹ ورک کا آغاز

سعودی عرب کی ریئل سٹیٹ کمپنی ’’ریڈ سی گلوبل‘‘نے مملکت میں بحیرہ احمر کے ساحل پر ایک نیا مرینا اور یاٹ کلب آپریٹر’’یاٹ نیٹ ورک‘‘ کا آغاز کر دیا۔اردو نیوز کے مطابق اس کا آغاز موسم سرما سے ہوگا جبکہ 2027 میں مزید مرینا اور انکریج شامل ہوں گے، اس کا مقصد سمندری تفریح کو منظم بنانا، لانچوں کے مالکان، سیاحوں اور عملے کو ساحل کے مختلف مقامات کے حوالے …

ریاض۔25ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کی ریئل سٹیٹ کمپنی ’’ریڈ سی گلوبل‘‘نے مملکت میں بحیرہ احمر کے ساحل پر ایک نیا مرینا اور یاٹ کلب آپریٹر’’یاٹ نیٹ ورک‘‘ کا آغاز کر دیا۔اردو نیوز کے مطابق اس کا آغاز موسم سرما سے ہوگا جبکہ 2027 میں مزید مرینا اور انکریج شامل ہوں گے، اس کا مقصد سمندری تفریح کو منظم بنانا، لانچوں کے مالکان، سیاحوں اور عملے کو ساحل کے مختلف مقامات کے حوالے سے جامع سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

ریڈ سی گلوبل نے بتایا ہے کہ رواں موسم سرما سے مملکت کے شمال مغربی ساحل پر نجی اور چارٹر بوٹس امالا سے بحیرہ احمر کے جزیرے شوری تک ایک ہی معاہدے کے تحت 278 مقامات سے استفادہ کرسکیں گی۔امالا یاٹ کلب کے مرینا بیچ میں 119 جبکہ جزیرہ شوری کے مرینا میں 159 مقامات پر بوٹس کو لنگر انداز ہونے کے لیے مقامات فراہم کیے جائیں گے۔

دونوں مقامات پر موجود پلیٹ فارمز پر 120 میٹر تک لمبی بوٹس کو پارک کرنے کی سہولت ہو گی جبکہ 2027 کے دوران مزید پلیٹ فارمز اور مقامات کا اضافہ کیا جائے گا۔کمپنی کے مطابق نیٹ ورک کے آپریشنل معیار سعودی ریڈ سی اتھارٹی کے ضوابط اور امالا میں قائم ’’کوالیوم میرین لائف سینٹر‘‘ کی ماحولیاتی تحفظ کی حکمت عملی سے ہم آہنگ ہیں۔