چین کی گوانگ ڈونگ مینزہاکی ٹیم 12 سے 30 اکتوبر 2026 تک پاکستان کا 18 روزہ تفصیلی دورہ کرے گی

چین کی گوانگ ڈونگ مینزہاکی ٹیم 12 سے 30 اکتوبر 2026 تک پاکستان کا 18 روزہ تفصیلی دورہ کرے گی

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):چین کی گوانگ ڈونگ مینز ہاکی ٹیم 12 سے 30 اکتوبر 2026 تک پاکستان کا 18 روزہ تفصیلی دورہ کرے گی، جس کے دوران چین کی ٹیم پاکستان کی بہترین ادارہ جاتی (انسٹی ٹیوشنل) ٹیموں کے علاوہ انڈر 21 اور انڈر 18 کی ابھرتی ہوئی ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے گی ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس دورے کا جامع شیڈول فائنل کر لیا ہے۔

چائنیز ٹیم اسلام آباد، راولپنڈی، واہ کینٹ، نارووال، لاہور اور گوجرہ کے دورے کرے گی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا بہترین موقع فراہم کرنا ہے۔ گوانگ ڈونگ ہاکی ٹیم 12 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی، جبکہ دورے کا باقاعدہ آغاز 13 اکتوبر کو خوش آمدیدی عشائیے سے ہوگا۔ دورے کا پہلا میچ 14 اکتوبر کو ایم پی سی ایل ہاکی سٹیڈیم راولپنڈی میں گوانگ ڈونگ اور ایم پی سی ایل کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد 15 اکتوبر کو چائنیز ٹیم کا مقابلہ نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں پاکستان آرمی سے ہوگا۔

اسلام آباد لیگ کے دوران 17 اکتوبر کو پاکستان نیوی اور 20 اکتوبر کو پی ڈی سی کے خلاف میچز نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ 18 اکتوبر کو واہ کینٹ ہاکی سٹیڈیم میں پاکستان پولیس کے خلاف میچ ہوگا۔ مہمان ٹیم 16 اکتوبر کو اسلام آباد کا تفریحی دورہ بھی کرے گی۔اسلام آباد لیگ کے بعد، گوانگ ڈونگ کی ٹیم 21 اکتوبر کو لاہور روانہ ہوگی۔ ایک دن کے آرام اور ٹریننگ کے بعد، مہمان ٹیم 23 اکتوبر کو ڈی ایچ اے ہاکی سٹیڈیم لاہور میں پاکستان کسٹمز اور 24 اکتوبر کو سپورٹس کمپلیکس نارووال میں پاکستان رینجرز کے مدِ مقابل آئے گی۔اس دورے کی ایک اہم خصوصیت پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

گوانگ ڈونگ کی ٹیم 26 اکتوبر کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم گوجرہ میں پاکستان انڈر 21 اور 27 اکتوبر کو ڈی ایچ اے ہاکی سٹیڈیم لاہور میں پاکستان انڈر 18 کے خلاف میدان میں اترے گی۔ دورے کا اختتام 29 اکتوبر کو مختلف سرگرمیوں کے ساتھ ہوگا، جن کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی، جس کے بعد چائنیز وفد 30 اکتوبر 2026 کو وطن واپس روانہ ہو جائے گا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان کھیل اور بالخصوص ہاکی کے شعبے میں روابط کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ بنے گا۔ ان میچز کے ذریعے بالخصوص جونیئر سطح کے پاکستانی کھلاڑیوں کو ایک بین الاقوامی ٹیم کے خلاف کھیل کر بہترین تجربہ حاصل ہوگا۔ پی ایچ ایف تمام متعلقہ ٹیموں، گراؤنڈز اور سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے میچز اور دیگر سرگرمیوں کے باقاعدہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنائے گی۔

 

مزید خبریں