کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی) نے شدید مالی بحران سے نمٹنے کے لئے وسیع پیمانے پر اقدامات کا اعلان کیا ہے جس کے تحت کھلاڑیوں کے ریٹینر معاوضوں میں 25 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔ ای ایس پی این کے مطابق جہاں بین الاقوامی کھلاڑیوں کے 12 ماہ کے معاہدے برقرار رہیں گے، وہیں ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے معاہدے کم کر کے 7 ماہ کے کر دیے گئے ہیں۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز کا مالیاتی ری سٹرکچرنگ کا اعلان، ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کے معاوضوں میں 25 فیصد کمی

مزید خبریں
برج ٹائون۔25ستمبر (اے پی پی):کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی) نے شدید مالی بحران سے نمٹنے کے لئے وسیع پیمانے پر اقدامات کا اعلان کیا ہے جس کے تحت کھلاڑیوں کے ریٹینر معاوضوں میں 25 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔ ای ایس پی این کے مطابق جہاں بین الاقوامی کھلاڑیوں کے 12 ماہ کے معاہدے برقرار رہیں گے، وہیں ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے معاہدے کم کر کے 7 ماہ کے کر دیے گئے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو کرس ڈہرنگ کا کہنا ہے کہ یہ قدم بورڈ کی مالیاتی استحکام کے لیے لازمی تھا کیونکہ اندرونی ٹورنامنٹس کے سفری اور دیگر اخراجات کی وجہ سے بورڈ پر بھاری بوجھ پڑ رہا تھا۔مالیاتی دباؤ اور آپریشنل اخراجات کے باعث رواں سال کے سپر 50 اور ویمنز ٹی 20 بلیز ٹورنامنٹس معطل کر دیے گئے ہیں۔ اس کے متبادل کے طور پر اولمپک اور پین امریکن گیمز کے کوالیفائنگ مقابلے منعقد کروائے جائیں گے جن کے اخراجات متعلقہ ممالک کے بورڈز برداشت کریں گے۔
اس کے علاوہ انگلینڈ اے کے خلاف سیریز کے ذریعے ون ڈے ٹیم کی تیاریوں پر توجہ دی جائے گی جبکہ فور ڈے ویسٹ انڈیز چیمپئن شپ کا انعقاد سابقہ فارمیٹ کے مطابق جاری رہے گا۔ویسٹ انڈیز 2023 کے ایک روزہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا تھا اور 2027 کے ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے لیے فروری اور مارچ 2027 میں کوالیفائر کھیلے گا۔کرکٹ ویسٹ انڈیز نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ کوالیفائر کی تیاری کے لیے نومبر میں انگلینڈ اے کے خلاف محدود اوورز کے میچز کرائے جائیں گے، جس کے بعد ایک روزہ ٹیم کا کیمپ بھی لگایا جائے گا۔
دوسری جانب 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس کی تیاری کے لیے معطل ملکی ٹورنامنٹس کی جگہ مردوں اور خواتین کے لیے نئے کوالیفائنگ مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ ان مقابلوں کے اخراجات متعلقہ ممالک کے کرکٹ بورڈز برداشت کریں گے، جبکہ ان ٹورنامنٹس کی فاتح ٹیمیں آئی سی سی اولمپک کوالیفائنگ مقابلوں میں جگہ حاصل کریں گی۔
خواتین کے آئندہ سال کے سپر 50 ٹورنامنٹ کی جگہ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ایک ترقیاتی مقابلہ کرایا جائے گا۔ تاہم ویسٹ انڈیز چیمپئن شپ کا 4 روزہ ملکی مقابلہ جاری رہے گا اور 2025-26 کے دوران اختیار کیا گیا 12 میچز پر مشتمل فارمیٹ برقرار رکھا جائے گا۔








