پاکستان میوزک فیسٹیول،گلوکارہ حمیرا چنا نے اپنی سُریلی آواز سے تقریب کو چار چاند لگا دیے

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام جاری تین روزہ ’’پاکستان میوزک فیسٹیول 2026‘‘ کے دوسرے روز معروف گلوکارہ حمیرا چنا نے اپنی سُریلی آواز اور شاندار پرفارمنس سے فیسٹیول کو چار چاند لگا دیےجبکہ ملک کے نامور گلوکاروں اور موسیقاروں نے بھی اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی

کراچی۔ 26 ستمبر (اے پی پی):آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام جاری تین روزہ ’’پاکستان میوزک فیسٹیول 2026‘‘ کے دوسرے روز معروف گلوکارہ حمیرا چنا نے اپنی سُریلی آواز اور شاندار پرفارمنس سے فیسٹیول کو چار چاند لگا دیےجبکہ ملک کے نامور گلوکاروں اور موسیقاروں نے بھی اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ جون ایلیا لان میں منعقد ہونے والی موسیقی کی اس خوبصورت شام میں معروف اور ابھرتے ہوئے فنکاروں نے مختلف انداز میں سُریلے گیت پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا۔ حمیرا چنا سمیت سلمان علوی، عمران عباس خان، صغیر احمد، عمران جاوید، مظہر امراؤ بندو خان، عزیز وارثی، محمد زبیر، ارمان رحیم، عروسہ علی، ماہم طاہر، وقار حسین، شاہ رخ عباس، فیصل لطیف، نرودھا مالنی، شوکت فقیر نے اپنی پرفارمنسز پیش کیں۔ حمیرا چنا نے سدا بہار گیت گا کر حاضرین کو محظوظ کیا جبکہ دیگر فنکاروں نے بھی مختلف طرز کی موسیقی اور خوبصورت گائیکی پیش کرکے فیسٹیول کو یادگار بنا یا۔ فنکاروں کی پرفارمنس کے دوران حاضرین نے بھرپور داد دی اور موسیقی کی دھنوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔’’پاکستان میوزک فیسٹیول ‘‘ 27 ستمبر تک آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری رہے گا۔