پاکستان جونیئر گالف ٹیم کی بنگلہ دیش میں شاندار کارکردگی کے بعد وطن واپسی، پُرتپاک استقبال
پاکستان جونیئر گالف ٹیم کی بنگلہ دیش میں شاندار کارکردگی کے بعد وطن واپسی، پُرتپاک استقبال
لاہور۔29ستمبر (اے پی پی):بنگلہ دیش میں منعقدہ تیسری اے پی جی سی جونیئر امیچور گالف چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد پاکستان جونیئر گالف ٹیم منگل کے روز سری لنکا کے راستے لاہور پہنچ گئی جہاں پاکستان گالف فیڈریشن (پی جی ایف) کے سینئر حکام اور عہدیداران نے کھلاڑیوں کا شاندار اور پُرتپاک خیرمقدم کیا۔اس موقع پر کامیاب نوجوان کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بچوں میں انعامات اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ فیڈریشن کے عہدیداران نے کھلاڑیوں کے ساتھ ان کے بین الاقوامی تجربات اور کارکردگی پر گفتگو کی جبکہ چیمپئن شپ ٹائٹلز جیتنے والی قومی کھلاڑیوں کے انٹرویوز بھی ریکارڈ کئے گئے۔
چیمپئن شپ کے دوران بالخصوص گرلز کیٹیگریز میں پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے۔ انڈس گالف کلب اٹک کی باصلاحیت گالفر جنت عامر جامی نے غیر معمولی عزم اور تسلسل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرلز انڈر 15 کیٹیگری کا چیمپئن شپ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ لاہور جمخانہ کی نبیہ نفیس نے گرلز انڈر 19 کیٹیگری میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اور چیمپئن شپ ٹائٹل جیتا، جبکہ اسی کیٹیگری میں پاکستان کی عریبہ رضوان نے رنر اپ پوزیشن حاصل کی، جس کی بدولت گرلز انڈر 19 کی پہلی دونوں ٹاپ پوزیشنز پر پاکستان کا قبضہ رہا۔ بوائز کیٹیگریز میں بھی پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں نے حوصلہ افزا کھیل پیش کیا، انڈر 15 کھلاڑی ٹاپ فائیو جبکہ انڈر 19 کھلاڑی ٹاپ ٹین پوزیشنز میں شامل رہے۔ پاکستان گالف فیڈریشن کے مطابق یہ کامیابی جنوری 2026 میں شروع کیے گئے پی جی ایف جونیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کا ایک اہم سنگ میل ہے۔
پی جی اے آف آسٹریلیا سے سرٹیفائیڈ مینیجر پی جی ایف، ملک کامران کی سربراہی میں چلائے جانے والے اس پروگرام کا مقصد ملک بھر کے نئے اور ابھرتے ہوئے گالفرز کو تلاش کرنا، انہیں معیاری تربیت اور مساوی مواقع فراہم کر کے مستقبل کے لیے ایک مضبوط ٹیلنٹ پول تیار کرنا ہے۔ اس پروگرام کو عالمی سطح پر اس وقت بھرپور پذیرائی ملی جب بین الاقوامی گالف ادارے ’دی آر اینڈ اے‘ نے پی جی ایف کو اپنے گلوبل الائنس میں یہ ماڈل پیش کرنے کی دعوت دی۔ بنگلہ دیش گالف فیڈریشن کی دعوت پر روانہ کیا گیا یہ دستہ اسی پروگرام کی کڑی تھا جس کے نتائج فوری اور شاندار فتوحات کی صورت میں سامنے آئے۔
قومی جونیئر دستے میں جنت عامر جامی (انڈس گالف کلب اٹک)، نبیہ نفیس (لاہور جمخانہ)، عریبہ رضوان، وریشہ شاہد ملک (اسلام آباد کلب)، دعا فرید راؤ (پی اے ایف رسالپور)، محمد موسیٰ عادل وڑائچ (پشاور گالف کلب)، بہزاد مرتضیٰ (کراچی گالف کلب)، مصطفیٰ زبیر (مارگلہ گرینز اسلام آباد) اور محمد بارک ایوب (پی اے ایف اسلام آباد) شامل تھے۔پاکستان گالف فیڈریشن نے تمام کھلاڑیوں، ان کے والدین، ٹیم منیجر تہمینہ علی کی خدمات اور بنگلہ دیش گالف فیڈریشن کی میزبانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس دورے کا مقصد فوری نتائج کے ساتھ ساتھ نوجوان گالفرز کو دباؤ اور مختلف ماحول میں کھیلنے کا طویل مدتی تجربہ فراہم کرنا تھا۔ فیڈریشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں جونیئر گالف کی ترقی کے لئے منظم ٹریننگ اور بین الاقوامی ایکسپوژر کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔









