وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی سےمشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان شبیر احمد عثمانی کی ملاقات، وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد

وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی سےمشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان شبیر احمد عثمانی کی ملاقات، وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد

مظفر آباد۔ 29 ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی سے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان شبیر احمد عثمانی نے ملاقات کی اور انہیں وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ملاقات میں آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی، گورننس، عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آزادکشمیر کی تیز رفتار اور متوازن ترقی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے جامع اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کے ویژن اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی رہنمائی و سرپرستی میں آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کے عمل کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔ حکومت کی ترجیحات میں بہتر گورننس، ادارہ جاتی اصلاحات، روزگار کے مواقع، صحت و تعلیم کی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری شامل ہیں۔

تمام شعبہ جات میں تیز رفتار ترقی کیلئے مسلم لیگ ن کی حکومت سوروزہ پلان لیکر آرہی ہے جس میں تمام سیکٹرز پر فوکس کیاگیا ہے، سو روزہ پلان میں صحت، تعلیم، روزگار، سڑکوں، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق اہم منصوبے شامل ہیں، ہر منصوبے کے آغاز اور تکمیل کے لیے واضح ٹائم لائن مقرر کی جائے گی۔ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرتے ہوئے ان پر پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی یقینی بنائی جائے گی۔ جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے ساتھ نئے منصوبوں کے لیے بھی جامع اور قابلِ عمل حکمتِ عملی وضع کی جائے گی۔

بنیادی ڈھانچے کی بہتری، معیاری تعلیم و صحت کی سہولیات کی فراہمی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ہر ترقیاتی منصوبے میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو براہِ راست ریلیف فراہم کرتے ہوئے ان کے معیارِ زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور انہیں بہتر طرزِ حکمرانی فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور وفاقی حکومت کے تعاون سے آزادکشمیر میں ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔