بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ، حب اور لورالائی میں کارروائیاں، 8 فوڈ مراکز پر جرمانے

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ، حب اور لورالائی میں کارروائیاں، 8 فوڈ مراکز پر جرمانے

کوئٹہ۔ 02 اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے کوئٹہ، حب اور لورالائی میں خوراک کے مراکز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ناقص، غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیائے خورونوش کی فروخت پر 8 مراکز کے مالکان کو جرمانے جبکہ متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کردیئے۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹائون، نواں کلی اور ارباب کرم خان روڈ میں بی ایف اے کی ملک سیفٹی ٹیم نے مختلف ملک شاپس کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران 5 ملک شاپس مالکان کو جرمانہ کیا گیا جبکہ 6 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔

بی ایف اے حکام کے مطابق جرمانہ کیے گئے ملک شاپس سے دودھ اور دہی کے نمونے حاصل کرکے موقع پر ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سکمڈ ملک پاڈر اور پانی کی وافر مقدار کی ملاوٹ پائی گئی، جس پر متعلقہ دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔دوسری جانب حب شہر میں ناقص و غیر معیاری اشیائے خورونوش کی فروخت کے خلاف کارروائی کے دوران 2 جنرل اسٹورز اور ایک ریسٹورنٹ مالک کو جرمانہ جبکہ 15 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔

بی ایف اے انسپیکشن ٹیم کے مطابق جرمانہ کیے گئے جنرل اسٹورز سے ایکسپائرڈ ٹماٹر کیچپ، مصالحہ جات اور ممنوعہ اشیا گٹکا برآمد ہوا۔ ایک ریسٹورنٹ کے خلاف صفائی کی ناقص صورتحال، ورکرز کی ذاتی صفائی کے نامناسب انتظامات اور کھانے کی تیاری میں پابندی عائد چائنیز نمک کے استعمال پر کارروائی کی گئی۔ادھر لورالائی شہر اور مختلف مضافاتی علاقوں میں بھی بی ایف اے حکام نے خوراک کے مراکز کا معائنہ کیا۔ معمولی نوعیت کے نقائص پر متعلقہ مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔

بی ایف اے حکام نے خوراک کے کاروبار سے وابستہ افراد کو فوڈ سیفٹی کے مقررہ ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے فوڈ بزنس لائسنس کے حصول کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ دکانداروں کی سہولت کے لیے انہیں لائسنس فارم بھی فراہم کیے گئے۔

مزید خبریں