پاکستان کی شاندار مزاحمت، فیفا آسیان کپ کے آخری میچ میں ویتنام سے 4-2 سے شکست

پاکستان کی شاندار مزاحمت، فیفا آسیان کپ کے آخری میچ میں ویتنام سے 4-2 سے شکست

اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے فیفا آسیان کپ میں اپنے آخری میچ میں ویتنام کو سخت مقابلہ دیا تاہم 4-2 کی شکست کے بعد اس کی ٹورنامنٹ میں مہم اختتام پذیر ہوگئی۔نولبرٹو سولانو کی ٹیم نے میچ میں اچھی کارکردگی دکھائی اور پہلے ہاف میں محب اللہ کے شاندار گول کی بدولت برتری بھی حاصل کی۔ ویتنام عالمی رینکنگ میں پاکستان سے 99 درجے اوپر ہے۔پاکستان نے اپنے گزشتہ میچ میں فلپائن کے خلاف دو گول کے خسارے سے واپسی کرتے ہوئے 2-2 سے میچ برابر کیا تھا اور ویتنام کے خلاف بھی ٹیم نے بھرپور مقابلہ کیا۔

پاکستان نے پہلے ہاف میں بہتر کھیل پیش کیا اور کئی اچھے مواقع بنائے۔ پانچویں منٹ میں شائیک دوست کا ہیڈر ہدف سے باہر گیا جبکہ عبدالصمد کا شاٹ ویتنام کے گول کیپر نے روک لیا۔ 31ویں منٹ میں پاکستان کو برتری مل گئی۔ محب اللہ نے ویتنام کے دفاع سے گیند چھینی اور بہترین انداز میں گول کیپر پیٹرک گیانگ لے کو شکست دیتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی۔ویتنام نے پہلے ہاف کے اختتام پر واپسی کی کوشش کی لیکن پاکستان نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے وقفے تک 1-0 کی سبقت حاصل کئے رکھی۔ دوسرے ہاف کے آغاز پر سولانو نے عالمگیر غازی اور عمر نواز کو میدان میں اتارا لیکن ویتنام نے کھیل کا رخ بدل دیا۔50ویں منٹ میں لانگ ہائی نگوین نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

سات منٹ بعد ڈک ہوانگ نگوین نے ایک اور گول کرکے ویتنام کو 2-1 کی برتری دلا دی۔پاکستان نے واپسی کی کوشش جاری رکھی۔ عبدالصمد شہزاد کا ایک شاٹ بلاک ہوا جبکہ عبدالصمد خان کے کراس پر عمر کا ہیڈر بھی گول میں نہ جا سکا۔ 80ویں منٹ میں بیک ڈنھ نگوین نے ویتنام کی برتری 3-1 کردی۔ پاکستان نے ہمت نہیں ہاری اور 88ویں منٹ میں علی اکبر کے شاٹ پر کلیم اللہ خان نے فیصلہ کن ٹچ دیتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی۔

پاکستان نے ایک بار پھر واپسی کی امید پیدا کردی تاہم ویتنام نے اختتامی لمحات میں چوتھا گول کردیا۔ بیک ڈنھ نگوین کے پاس پر ہوانگ منہ ولیمز نے گیند جال میں پہنچا دی اور ویتنام نے 4-2 سے کامیابی حاصل کرلی۔اس نتیجے کے بعد ویتنام گروپ میں تھائی لینڈ کے بعد دوسرے نمبر پر رہا جبکہ فلپائن تیسرے نمبر پر آیا۔ پاکستان نے اپنی پہلی فیفا مقابلے کی مہم ایک پوائنٹ کے ساتھ مکمل کی۔