پاک ویمنز ٹیم کی فاسٹ بولر، ریٹائرمنٹ کا اعلان
پاک ویمنز ٹیم کی فاسٹ بولر، ریٹائرمنٹ کا اعلان

مزید خبریں
لاہور۔4اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر کائنات امتیاز نے13 سالہ بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے 19 ون ڈے انٹرنیشنل اور21 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے، حال ہی میں اگست ،ستمبر میں منعقدہ پی سی بی نیشنل ویمنز انڈر19 ٹی 20 ٹورنامنٹ سے میچ ریفری کی حیثیت سے اپنے نئے کیریئر کا آغاز کیا۔ کائنات امتیاز نے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2017 میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے چار میچز کھیلے۔
وہ اکتوبر2010 میں جنوبی افریقاکے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستان کی 22 ویں کھلاڑی بنیں، جبکہ بنگلہ دیش،آئرلینڈ ویمنز کے خلاف میچ سے ان کا ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو ہوا اور وہ پاکستان کی 64 ویں ون ڈے کیپ بنیں۔دائیں ہاتھ سے فاسٹ بولنگ کرنے والی کائنات امتیاز پاکستان ویمنز ٹیم کے ان سکواڈز کا بھی حصہ رہیں جنہوں نے 2010 میں چین اور 2014 میں جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشین گیمز میں گولڈ میڈلز حاصل کیے۔
وہ 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں بھی پاکستان ویمنز سکواڈ کا حصہ تھیں۔ ان کا آخری ون ڈے جنوری2023 میں آسٹریلیا کے خلاف گابا میں کھیلا گیا، جبکہ آخری ٹی 20 انٹرنیشنل اکتوبر 2022 میں تھائی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔انہوں نے فروری2007 میں پی سی بی نیشنل سکولز انڈر17 ویمنز چیمپئن شپ میں کراچی سکولزکی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا۔
انہوں نے مارچ 2008 میں ڈومیسٹک لسٹ اے کرکٹ میں ڈیبیو کیا، جبکہ جولائی میں ٹی 20 کرکٹ کا آغاز کیا۔یاد رہے کہ کائنات امتیاز کی والدہ سلیمہ امتیاز نے2024 میں آئی سی سی کے انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ پینل میں پاکستان کی پہلی خاتون امپائر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ اب تک9 ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل اور 69 ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کرچکی ہیں۔







