اوپیک پلس ممالک نے نومبر کے لیے ستمبر 2026 والی تیل کی پیداوار کی سطح برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اوپیک پلس ممالک کا نومبر کے لیے تیل کی پیداوار کی سطح برقرار رکھنے پر اتفاق

مزید خبریں
ریاض۔5اکتوبر (اے پی پی):اوپیک پلس ممالک نے نومبر کے لیے ستمبر 2026 والی تیل کی پیداوار کی سطح برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اردو نیوز کے مطابق اوپیک پلس کے سات رُکن ممالک سعودی عرب، روس، عراق، کویت، قازقستان، الجزائر اور عمان، جنہوں نے اپریل اور نومبر 2023 میںرضاکارانہ طور پر اضافی پیداوار کا اعلان کیا تھا، نے گزشتہ روز ورچوئل اجلاس منعقد کیا،جس میں بین الاقوامی مارکیٹ کی حالیہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور انرجی مارکیٹ کے استحکام کے لیے تعاون کی توثیق کی گئی۔ جولائی اور اگست 2026 میں خام تیل کی پیداوار کے اعداد و شمار کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس نے انرجی سپلائی کی مسلسل اور بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی آبی گزر گاہوں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ انرجی انفرا سٹرکچر پر حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے تعاون کے اعلامیے کی مکمل پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا جس میں اضافی رضاکارانہ پیداوار ایڈجسٹمنٹ شامل ہیں جس کی نگرانی مشترکہ وزارتی مانیٹرنگ کمیٹی کرے گی۔ اوپیک پلس کے ممالک مارکیٹ کی صورتِحال کا جائزہ لینے کے لیے ملاقاتیں جاری رکھیں گے۔ ساتوں ممالک کا اگلا اجلاس 29 نومبر 2026 کو ہوگا۔








